• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مہمانوں کو ویلکم کرے آپ کا جدید گیسٹ روم

گیسٹ روم گھر کا وہ حصہ ہے جس کے لیے ایک خاص تیاری اور خاص سجاوٹ آپ کی منتظر ہوتی ہے۔اگر آپ کا شمار سوشل ، خوش ، بااخلاق اور محبت کرنے والے لوگوں میں ہوتا ہے تولازمی ہے کہ آپ کے گھر مہمانوں کی آمد بھی زیادہ ہوتی ہوگی ۔مہمان چونکہ خدا کی نعمت ہوتے ہیں اس لیے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ان کی خاطر مدارت میں کوئی کمی نہ رہ جائے ہوٹلنگ، پکنک،مووی پلاننگ ان سب طریقوں سے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ مہمان ہمارے بارے میں اچھا تاثر لے کر جائے لیکن ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ ایک شاندار طریقے سے سجا کمرہ بھی آپ کے مہمانوں پر گھر کے مکینوں کے لیے اچھا تاثر قائم کرتا ہے ۔

کیونکہ ایک اچھے میزبان کی جہاں یہ ذمہ داری ہے کہ اس کے مہمانوں کی خاطر مدارت میں کوئی کمی نہ رہے وہاں ان کی یہ بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اس کے مہمان آرام دہ اور خوش بھی رہیں۔ تو آئیے آج بات کرتے ہیں گیسٹ روم کی تعمیرو ترتیب کی ! جس کے ذریعےآپ کا گیسٹ روم بہت خوبصورت طریقے سے مہمانوں کو ویلکم کہہ پائے گا۔

آرام دہ بنائیں

گیسٹ روم کی ترتیب وآرائش و تعمیر میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ یہ کمرہ زیادہ سے زیادہ آرام دہ ہو ۔ اگر یہ کمرہ سادہ بھی ہوتو کوئی غلط بات نہیں، سادہ انداز ہمیشہ صاف ستھرا اور وضع دار لگتا ہے۔ اور کبھی بھی فکشن سے باہر نہیں ہوتا۔اور جب بات ہو کمرے کو آرام دہ بنانے کی تو دیواروں پرہلکا رنگ وروغن گیسٹ روم ہو یا بیڈروم، مکینوں کو سکون فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ چنانچہ گیسٹ روم کی تعمیر کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ دیواروں پر گہرا رنگ وروغن نہ کروایا جائے اور نہ ہی مکمل سفید رنگ۔۔گیسٹ روم کے لیے ہمیشہ سفید کے ساتھ کسی رنگ کو ملا کر اس کاا نتخاب کیا جائے،اس کے لیے سفید کے ہمراہ نیلا یا بھورا رنگ بہترین ہے۔

سائیڈ ٹیبل کے بجائے اسٹڈی ٹیبل

اگر آپ کے مہمان کسی دوسرے شہر یا دور دراز علاقے سے ہیںتو یقیناآپ کے گھر طویل قیام کے لیے آتے ہوںگے ایسے گیسٹ روم میں بیڈکی سائیڈ ٹیبل کے بجائے فکسڈ اسٹڈی ٹیبل بنوائی جائیں ۔یہ ٹیبل مختلف اسٹائل میں دستیاب ہوتی ہیں، یہ دیواروں میں فکسڈ یا پھر ایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لے جانے والی بھی ہوتی ہیں ۔تو کوشش کیجیے گیسٹ روم میں فکسڈ ٹیبل کے ساتھ چیئر لگائی جائے یہ ٹیبل اتنی بڑی ہونی چاہیےجہاں لیپ ٹاپ رکھ کر کام کیاجا سکے یا بیٹھ کر آرام سے پڑھائی لکھائی ہو سکے، یہ جگہ آپ کے مہمانوں کو بہت پسند آئیگی۔ اس جگہ آپ کے مہمان نہ صرف آسانی سے اپنا کام کرپائیں گے بلکہ اس کمرے کو آپ ایک منفرد طرز سجاوٹ بھی دے پائیں گے۔

روشنی کا انتظام

روشنی جتنی گھر کے باقی حصوں کے لیے اہم ہے اتنی ہی گیسٹ روم کے لیے بھی ۔۔۔سن لائٹ کے ذریعے ماحول خوش آئند بنایا جاسکتا ہے۔اس کے لیے کمرے میں فل ونڈو بنوانے کے ساتھ شیشے کے دروازوں کی تعمیر کے ذریعے یہ خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق گیسٹ روم میں روشنی کے زیادہ سے زیادہ ذخائر شامل کریں اور ڈائریکٹ روشنی سے گریزکیا جائے جو کہ اکثر جراثیم سے پاک روشنی لگتی ہے۔فل ونڈو نہیں اسکائی لائٹ کی تعمیر بھی گیسٹ روم کے لیے ایک اچھا آئیڈیا ثابت ہوگا۔

بالکنی ساتھ ساتھ

گیسٹ روم کی تعمیر کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ بالکنی کا ایک راستہ گیسٹ روم میں کھلے۔کسی بھی کمرے میںبالکنی کی موجودگی ہر کمرے کو بہت پرکشش بنا دیتی ہے۔ ایک ایسی جگہ جہاں آپ کے مہمان گھر سے باہر نکلے بغیر ہی باہر کی کھلی فضا کا مزہ لے سکیں۔

ایک دیوار انٹرٹینمنٹ ایریا کے لیے

مہمانوں کے کمرے میں ٹی وی ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا آپ کے اپنے ٹی وی لاؤنج میں۔یہ ایک بہت اہم نکتہ ہے، مہمانوں کو انٹرٹین کرنا ہی میزبان کا اصل مقصد ہوتا ہے۔ اس کے لیے آپ گیسٹ روم کی ایک دیوار انٹرٹینمنٹ اشیاء کے لیے مختص کردیں۔ اس دیوار کو ہلکے رنگوں کے وال پیپر یا کسی گہرے رنگ کے پردوں کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چند اچھی کتابیں اور گیم بھی کمرے کو بہت پرکشش بنا دیں گے۔

اسٹوریج کی جگہ

گیسٹ روم میں مہمانوں کے سامان رکھنے کے لیے مناسب مگر جدید اسٹوریج آئیڈیاز پر بھی کام ہونا چاہیے کیونکہ سارے مہمانوں کے پاس سوٹ کیس یا بیگ ہوتا ہےجسے رکھنے کے لئے جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور بار بار بیگ سے کپڑے نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے۔یہ جگہ بیڈ کی سینٹر وال یا دور بیک وال بھی ہوسکتی ہے چونکہ ان دنوں وال اسٹوریج آئیڈیاز خاصے مقبول ہیں چنانچہ آپ بھی ان پر کام کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین