• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کجرارے نیناں۔۔۔

سائرہ شاہین

روشن،چمک دار اورغزالی آنکھوں کا تصوراردو شاعری میں جابجا ملتا ہے ، آنکھوں کو شخصیت کا عکاس بھی کہا جاتا ہے،یہی وجہ ہے کہ خواتین آنکھوں کےمیک اپ میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ہر جتن کر ڈالتی ہیں کیوں کہ مکمل میک اپ میں آئی میک اپ کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔آئی میک اپ میں آئی شیڈز بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ۔یاد ہے جب بھی آئی شیڈز کا انتخاب کریں ،اپنے لباس کے رنگ کی بجائے آنکھوں، بالوں اورجلد کا رنگ ذہن میں رکھیں کیونکہ خواتین اپنے لباس کے رنگ سے ملتے شیڈز کا انتخاب کرتی ہیں جوکہ ٹھیک نہیں۔ اس کے علاوہ لڑکیاں لینسز لگا کے آنکھوں کا رنگ تو بدل لیتی ہیں لیکن پھر اس رنگ کی مناسبت سے آنکھوں کا میک اپ نہیں کرتیں جس سے آنکھیں عجیب سا تاثر دیتی ہیں اور شخصیت کو ماند کر دیتی ہیں۔ اپنی آنکھوں کو دلکش وخوبصورت بنانے کے لیےشیڈز کا خاص خیال رکھیں۔

آنکھوں کے رنگ کے مطابق شیڈ

نیلی آنکھیں: کتھئی، سرمئی، کیمل، کاپر،جامنی، گلابی، سنہرااور سلور کے شیڈز درست انتخاب ہیں۔

سیاہ اور کتھئی آنکھیں: آپ کی آنکھیں ہلکی کتھئی ہیں یا تیز، آپ کے پاس شیڈز کے انتخاب کے لیے کافی ورائٹی ہے۔ گہرا نیلا، براؤن، نیلا گرے، کاپر، ونیلا، جامنی، سنہرااورگلابی رنگ استعمال کریں۔

سبز آنکھیں: کتھئی، تیز جامنی،نیلا،گلابی، سلور اور سفید کے شیڈز سے اجتناب کریں۔

ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ گہرے شیڈز آپ کی آنکھوں کو چھوٹا ہونے کا تاثر دیتے ہیں جبکہ ہلکے رنگ ان کو نمایاں کرتے ہیں۔ سفید رنگت کے لیےدرست شیڈ زکا انتخاب ایک مشکل اَمر ہے اس لئے قدرتی رنگوں جیسے براؤن شیڈ استعمال کریں اور اگر آپ کی رنگت گہری ہے تو ہلکے رنگ اپنی آنکھوں پر نہ لگائیں۔

اسموکی آئی میک اپ:

آج کل خواتین میں سب سے زیادہ ا سموکی آئی میک اپ کا رجحان ہے۔ خاص طور پر رات کی تقریب میں اسموکی آئی میک اپ آنکھوں کی خوبصورتی کو دو چند کر دیتا ہے۔ عام طور پر کالا اور گرے شیڈ اسموکی آئی میک اپ کے رنگ ہیں لیکن آپ خود کو صرف ان رنگوں تک محدود نہ رکھیں بلکہ آپ کم گہرے رنگوں کا بھی انتخاب کر سکتی ہیں جیسے جامنی، کافی، تیز گلابی، کاپر، تیز سبزاورنیلا۔ اسموکی آئی میک اپ کے لیے آپ کو دو طرح کے شیڈز کی ضرورت ہوتی ہے ایک بنیادی گہرا رنگ اور دوسرا کوئی ہلکا شیڈ کتھئی رنگ کی آنکھوں کے لیے سیاہ، گرے، کاپر اور کافی بنیادی رنگ کے طور پر بہترین ہیں اور ان کے ساتھ ہلکےشیڈ پیچ اورفاختائی رنگ میں سے کسی کا انتخاب کرلیں۔

آنکھ پر آئی بیس لگائیں اور کالی پنسل یا پاؤڈر آئی لائنر سے پلکوں کے سرے پر اوپر سے نیچے تک آؤٹ لائن بنائیں۔ چھوٹی آنکھوں کے لیےسفید آئی پنسل آنکھوں کے اندر لگائیں۔

آئی لیڈ پر ﴿آنکھ کے آدھے پپوٹے تک بڑے گول برش سے ہلکا آئی شیڈ لگائیں۔ چھوٹے برش سے بنیادی گہرا شیڈ آئی لائنر کے اوپر لگا کے اسے اوپر کی طرف بلینڈ کریں کہ دونوں شیڈز اچھی طرح مکس ہو جائیں۔بھنوؤں سے نیچے ہائی لائیٹر لگائیں اور آنکھ کے باہر کی جانب ہائی لائیٹر سے وی شیپ بنائیں اور اسے اُنگلی سے بلینڈ کرلیں۔آخر میں مسکارا لگائیں۔

گلیمریس آئی میک اپ :

گلیمرس آئی میک اپ کے لیے سب سے پہلے آنکھ کے پپوٹوں پر کنسیلر کے تین نقطے لگائیں۔ ایک پپوٹے کے اندر کی طرف دوسرا پپوٹے کے درمیان میں اور تیسرا باہر، درمیان والی اُنگلی سے کنسیلر کو تھپتھپاتے ہوئے جذب کریں ،اسے اُنگلی سے رگڑنا نہیں۔آنکھ پر آئی بیس لگائیں اس سے شیڈ زیادہ دیر رہیں گے۔تین شیڈز میں آئی شیڈو لیں۔ ہلکے رنگ سے شروع کریں پھر درمیانہ شیڈ لگائیں اور آخر میں گہرے شیڈ سے ختم کریں۔ اچھی طرح بلینڈ کریں۔آنکھوں پر آئی لائنر لگا کے مسکارا لگالیں۔

آنکھوں کو نمایاں کرنے کے لیے ہائی لائیٹر استعمال کریں۔ اس کے لیے آنکھ کے پپوٹے کے آخر میں بھنوؤں سے نیچے ہائی لائیٹر لگائیں اور آنکھ کے باہر کی جانب ہائی لائیٹر سے وی شیپ بنائیں اور اسے اُنگلی سے بلینڈ کرلیں۔اُسی ہائی لائیٹر سے آئی بروکو ہائی لائٹ کریں۔

عربک آئی میک اپ:

آئی بون پر آئی بیس لگائیں۔آنکھ کی لیڈ پر پستہ شیڈ لگا کے بلینڈ کریں۔ کریز پر باریک برش سے گولڈن یا چاکلیٹ براؤن شیڈ لگا کر بلینڈ کرلیں کہ وہ بیس کلر کے ساتھ مکس ہو جائے۔آئی لائنر لگائیں۔ باقی حصے پر باہر کی طرف آتے ہوئے کالا شیڈ لگائیں کہ وہ آئی لائنر کے ساتھ مل کے نوک بن جائے۔ اب آنکھ کے اندر کالی آئی پنسل لگائیں۔ اگر آپ کی آنکھیں چھوٹی ہیں تو سفید یا براؤن رنگ زیادہ مناسب رہے گا۔

کیٹ آئی لائنر آئی میک اپ:

آئی لیڈ پر ہلکا براؤن شیڈ برش سے لگا کے بلینڈ کریں کہ موٹی سی لائن بن جائے اب اس کے اوپر کالا شیڈ لگا کے بلینڈ کریں اور آخر میں لیکوڈ آئی لائنر کی لائن اس طرح لگائیں کہ وہ درمیانہ سے موٹی اور باہر کی طرف باریک ہو۔ نیچے کی پلکوں پر بھی آئی لائنر لگا کے اوپر والے کے ساتھ ملا دیں۔ آخر میں مسکارا لگائیں۔

آپ اپنی آنکھ کی ساخت کے مطابق دو سے زیادہ آئی شیڈز بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

تازہ ترین