• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2018ء میں ریلیز ہونے والی فلموں کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک 15فلمیں ریلیز کی گئی ہیں۔ ان میں صرف 2فلمیں ’’سات دن محبت ان‘‘ اور’’طیفان ان ٹربل‘‘ نے بزنس کیا ہے، بقیہ فلموں کی رپورٹ کے مطابق 5جنوری کو ریلیز ہونے والی فلم’’پرچی‘‘نے ساڑھے9کروڑ کا بزنس کیا۔ فلم کی رپورٹ اوسط رہی۔ ہدایت کار آبس رضا کی فلم ’’مان جائونا‘‘ 2فروری کو ریلیز کی گئی۔ فلم باکس آفس پر فلاپ ہوئی، صرف 2کروڑ کا بزنس کرسکی۔ 2 فروری کو ہی ریلیز ہونے والی فلم’’پری‘‘ ہارر فلم تھی، فلم ساز اور ہدایت کار سید عاطف علی کی یہ فلم فلاپ ثابت ہوئی ۔ 

ریحان شیخ کی میلوڈی ڈراما فلم’’آزاد‘‘ کاسٹ میں صنم سعید‘ ریحان شیخ‘ نمرہ بچہ‘ انجلینا ملک، سلمان شاہد‘ عمران عباس‘ سبرین وغیرہ شامل تھے۔ یہ فلم بُری طرح فلاپ ہوئی۔ صرف ڈیڑھ کروڑ کا بزنس کرسکی۔ 23مارچ2018ء کو ’’ٹک ٹاک‘‘ کمپیوٹر اینیمیٹڈ فلم ریلیز ہوئی، کاسٹ میں احسن خان‘ علی خاں‘ ماریہ میمن اور غلام محی الدین شامل تھے۔ یہ فلم بھی فلاپ ثابت ہوئی۔30مارچ کو فلم ’’کیک‘‘ ریلیز کی گئی، جو کامیڈی ڈراما فلم تھی۔ کاسٹ میں آمنہ سعید‘ صنم سعید‘ عدنان ملک‘ فارس خالد اورحرا حسین قابل ذکر رہے ۔ 

اسی طرح فلم’’موٹرسائیکل گرل‘‘ 20اپریل کو ریلیز کی گئی تھی، فلم فلاپ رہی اور صرف 3کروڑ کا ہی بزنس کرسکی ۔ عیدالفطر کے موقع پر 4فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، ان سب میں’’سات دن محبت ان‘‘ جس کی کاسٹ میں ماہرہ خان‘ شہریار منور‘ جاوید شیخ‘ حنا دلپزیر‘ عائشہ عمر‘ آمنہ الیاس‘ میراسیٹھی‘ رمل علی‘ عمران اسلم شامل تھے، یہ عید کی فلموں میں سب سے ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ عیدالفطر پر دوسری فلم معمررانا اورسونیا حسین کی فلم ’’آزادی‘‘ تھی، جس نے پونے 9کروڑ کا بزنس کیا۔ تیسری فلم ’’نہ بینڈ نہ باراتی‘‘ تھی جس کے ہدایت کار محمود اختر تھے ، کاسٹ میں میکال ذوالفقار‘ شایان خان‘ قوی خان‘ علی کاظمی اور عتیقہ اوڈھو شامل تھے۔ فلم نے زیادہ بزنس نہیں کیا۔ 

جاوید شیخ کی فلم’’وجود‘‘ جس میں دانش تیمور‘ سعیدہ امتیاز‘ ادیتی سنگھ‘ ندیم‘ شاہد‘ فائزہ خان‘ فریحہ الطاف‘ علی سلیم شامل تھے‘ موسیقی ساحر علی بگا کی تھی، فلم کی عکس بندی بھی استنبول میں کی گئی تھی۔ فلم کی پبلسٹی بہت عمدہ کی گئی تھی اور فلم بینوں کو شاہد‘ ندیم‘ اورجاوید شیخ کی وجہ سے امید تھی کہ فلم اچھا بزنس کرے گی، مگر ’’وجود‘‘ توجہ حاصل نہ کرسکی، جس کی وجہ سے سنیما مالکان نے بھی ’’وجود‘‘ کو ایسے شوز دیے کہ فلم بین زیادہ تعداد میں نہ آسکے ، جس کی وجہ سے فلم فلاپ ثابت ہوئی اور تقریباً3کروڑ سے کم کا بزنس کرسکی۔ 

جاوید شیخ کو توقع تھی کہ فلم اچھا بزنس کرلے گی، مگر افسوس ایسا نہ ہوسکا جاوید شیخ کی عرصہ دراز کے بعد بہ طور ہدایت کار فلم فلاپ ثابت ہوئی۔ فلم ساز سہیل خان کی فلم’’شورشرابہ‘‘ 29جون کو ریلیز کی گئی، فلم کی پبلسٹی عرصہ دراز سے جاری تھی، مگر بدقسمتی سے فلم توجہ حاصل نہ کرسکی، جس کے بہت سے دلائل سہیل خان کے پاس موجود ہیں، مگر فلم ساز کوئی بھی دلیل دیں، فلم فلاپ ہوگئی۔ کاسٹ میں رابی پیرزادہ‘ عدنان خان‘ میرا‘ مصطفی قریشی قابل ذکر ہیں۔ اسی طرح 6جولائی کو ریلیز ہونے والی فلم’’جیک پاٹ‘‘ بھی باکس آفس پر ناکام فلم ثابت ہوئی ہے۔ 

کاسٹ میں صنم چوہدری‘ ثناء فخر‘ نور حسن اورجاوید شیخ قابل ذکر تھے۔ مذکورہ فلم بھی فلم بینوں کی توجہ نہ حاصل کرسکی ہے۔ 20جولائی کو’’طیفہ ان ٹربل‘‘ جیو فلمز کے توسط سے ریلیز کی گئی، مذکورہ فلم نے 15دن میں 25کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔ فلم اب بھی بہت سے سنیما میں ریلیز کی جارہی ہے۔ اس فلم نے پاکستانی فلمی تاریخ میں کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔2018ء کی اب تک کی پاکستانی فلموں میں سب سے زیادہ بزنس اسی فلم نے کیا ہے، جب کہ’’سنجو‘‘ فلم کو بھی ٹف ٹائم دیا ہے ۔

2018ء میں ریلیز کی جانے والی فلموں کی ناکامی کی اصل وجہ یہ ہے کہ کہانی نویس موجودہ حالات کے مطابق نہ تو فلمیں لکھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستانی فن کاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر نہیں کیا جا رہا ہے۔عیدالضحیٰ کی متوقع فلموں میں’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘کاسٹ میں ہمایوں سعید‘ احمد علی بٹ‘ فہد مصطفی‘ ماورا حسین‘ واسع چوہدری‘ عظمیٰ خان ‘ ثروت گیلانی شامل ہیں۔ دوسری فلم’’ لوڈ ویڈنگ‘‘ ڈائریکٹر نبیل قریشی‘ کاسٹ میں فہد مصطفی‘ مہوش حیات‘ ثمینہ پیرزادہ‘ ثمینہ احمد‘ پروڈیو سر فضا علی مرزا اور مہدی علی ہیں۔ تیسری متوقع فلم’’پرواز ہے جنون‘‘ کاسٹ میں حمزہ علی عباسی‘ اور رضا میر‘ ہانیہ عامر اور کبریٰ خان شامل ہیں۔ پاکستانی فلمی صنعت کی بقاء اچھی اور معیاری فلمیں بنانے سے ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین