• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جشن آزادی کی تیاریاں
پاک جاپان دوستی فیسٹیول کے منتظمین

 پاکستانی شہری چاہے ،پاکستان میں ہوں یا دنیا کے کسی بھی ملک میں، وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانا نہیں بھولتے ۔ پاکستان میں گھروں کو خوبصورت قومی پرچم اورسبز جھنڈیوں سے سجایا جاتا ہے، جبکہ رات کو چراغاں بھی کیا جاتا ہے ،تاکہ دنیا کو عظیم قوم ہونے کا پیغام دیا جاسکے، جبکہ دنیا بھر میں بھی جشن آزادی کو یاد گار طریقے سے منانے کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس ملک میں پاکستانی سفارتخانہ موجود ہو، وہاں پاکستان کا پرچم بلند کیا جاتا ہے اور کمیونٹی کے افراد کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ سفارتخانہ پاکستان میں پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کرسکیں ۔

اس مرتبہ بھی جاپان میں جشن آزادی کے حوالے سے دو اہم تقریبات منعقد کی جارہی ہیں ،جن میں سب سے پہلے دس اگست سے چودہ اگست تک ہونے والی تقریب پاک جاپان دوستی فیسٹیول ہے، جبکہ اٹھارہ اگست کو ٹریبیوٹ ٹو لیجنڈ نامی تقریب ہے ۔،جس میں پاکستان کے اہم اسپورٹس لیجنڈ شرکت کریں گے،یہ تقریب جاپان کے شہر ناگویا میں منعقدکی جائے گی۔ ان اہم تقریبات کے حوالے سے ٹوکیو کے وینو پارک میں منعقد ہونے والی تقریب کے منتظم رمضان صدیق ، راشد صمد خان امجد ناکاوگا اور شاکر احمد کا کہنا ہے کہ یہ تقریب گزشتہ کئی سالوں سے جاپانی سماجی تنظیم کے ساتھ مل کر منعقد کی جاتی ہے ،جس میں سفارتخانہ پاکستان کا تعاون بھی حاصل رہتا ہے اور ہر سال ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور جاپانی شہری اس ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں اور پاکستان کے کلچر اور ثقافت سے روشناس ہوتےہیں ،جبکہ اس طرح کی تقریبات سے جاپان جیسے ملک میں پاکستان کا امیج بھی بہتر ہوتا ہے اور یہی ہمارا مقصد ہے ۔ 

اس موقعے پر اور تقریب کے روح رواں رمضان صدیق نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے پاک جاپان دوستی فیسٹیول میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے مجموعی طور پر شرکت کرکے ہمارے حوصلوں کو بڑھایا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس دفعہ بھی پہلے سے زائد لوگ اس فیسٹیول میں شریک ہوں گے اور پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے میں مدد حاصل ہوگی ، اسی حوالے سے دوسری اہم تقریب جو اٹھارہ اگست بروز ہفتہ ناگویا میں منعقد ہورہی ہے کے روح رواں رانا عابد حسین کا کہنا ہے کہ یہ تقریب پاکستان کے لیجنڈ اسٹارز جہانگیر خان ، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی جارہی ہے جبکہ معروف گلوکاررحیم شاہ بھی اپنے خوبصورت گانوں سے محفل کو گرمائیں گے ،اس تقریب میں تمام لیجنڈ اسٹارز کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، جبکہ شاہد آفریدی کے کوہاٹ میں تعمیر ہونے والے اسپتال کے لیے ایکسرے مشین ،الٹرا ساؤنڈ مشین، ای سی جی مشین اور ایمبولینس کا بھی عطیہ دیا جائے گا ۔رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ اختتام نہیں بلکہ ابتد ہے اپنے لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد مستقبل میں بھی کیا جاتا رہے گا، تاکہ جاپان میں مقیم پاکستانی اپنے اسٹارز سے نہ صرف ملاقات کرسکیں بلکہ انھیں خراج تحسین بھی پیش کرسکیں ۔

جشن آزادی کی تیاریاں
تقریب ٹریبیوٹ ٹو لیجنڈ کے منتظمین کا گروپ فوٹو

رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ مہینہ پاکستان کی آزادی کا مہینہ بھی ہے لہذا اس تقریب کو ہم پاکستان کے یوم آزادی کے طور پر بھی منائیں گے ،دوسری جانب گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سیالکوٹ کی اہم سماجی شخصیت کی اچانک وفات پر انھیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مسلم لیگ ن جاپان کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ ملک محمد نواز ن لیگ کے ہی نہیں سیالکوٹ کی اہم سیاسی و سماجی شخصیت تھے ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پر نہیں ہوسکے گاانھوں نے کہا ملک محمد نواز نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا جبکہ علاقے کے لوگوں کے لیے بھی ان کی خدمات لازوال ہیں ان کی اچانک وفات سے سیالکوٹ اور جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔

تازہ ترین