• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی حکمرانوں کی عمران خان کو وزیر اعظم بننے پرمبارکباد

عمران خان کے وزیر اعظم بننے پرعالمی برادری کی جانب سے مبارک باد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،امریکا نےوزیراعظم عمران خان کو مبارکبادپیش کی ساتھ ہی پاکستان اور خطے کے امن کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہاربھی کردیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دیے گئے بیان میں پاکستان اور امریکا کے70سالہ تعلقات بہت اہم قراردئیےگئے ، متحدہ عرب امارات، ایران، ترکی اور جرمنی کی جانب سے بھی عمران خان کو بھیجے گئے پیغامات میں نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا مرکل کی بھی عمران خان کووزیراعظم بننےپرمبارکباد، توقع ظاہر کی کہ جرمنی ،پاکستان کےدوستانہ تعلقات مستقبل میں مزیدگہرے ہوں گے،علاقائی استحکام کے لیے عمران خان پڑوسیوں سے تعلقات بہتر کریں گے تاہم جرمن چانسلر نے پاکستان کی معیشت، انسداددہشت گردی، جمہوریت کے لیےحمایت جاری رکھنےکا عزم بھی اظہارکیا ہے۔

سری لنکن ہم منصب رانیل وکرما سنگھے نے بھی وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ سری لنکن وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، دبئی کے شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ابوظبی کے ولی عہدشیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی وزیراعظم عمران خان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی اور امید ظاہرکی کہ پاک ایران کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایران ماضی کی طرح پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے کام کرےگا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نےخط میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ترک پاکستان برادرانہ تعلقات بلندیوں کی نئی سطح پر پہنچیں گے، خط میں انہوں نے ترکی کے معاشی بحران میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ اداکیا۔

تازہ ترین