• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 20 اگست ، 2018

مناسک حج کے روح پرور مناظر کی تصویری جھلکیاں



دنیا بھر سے حجاز مقدس آنے والے لاکھوں حجاج نے منیٰ میں قیام کیا، آج حج کا رکن اعظم ’’وقوف عرفہ‘‘ ادا کر رہے ہیں۔


امام حج مسجد نمرہ سے خطبہ دیں گے، حجاج ظہر و عصر ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد غروب آفتاب کے وقت مزدلفہ روانہ ہو جائینگے، رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں بسر کی جائے گی۔


اتوار 8 ذوالحج کو عازمین نے منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کیا۔ 9 ذوالحج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچیں گے جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور نماز عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔






عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہو گا۔ یہ قبولیت کی وہ ساعتیں ہیں جن میں کی گئی کوئی دعا خدائے رب العزت رد نہیں کرتے اس لئے عصر اور مغرب کے درمیان حجاج کرام خدائے رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔



سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات کو فوری طور پر چھوڑنے کا حکم ہے اس لئے حجاج کرام میدان عرفات کی حدود سے فوری طور پر مذدلفہ کا رخ کرتے ہیں۔


مزدلفہ میں شیطان کو مارنے کے لئے کنکریاں چننے کے ساتھ ساتھ رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور مذدلفہ میں ہی نماز مغرب اور نماز عشاءایک ساتھ ادا کریں گے۔ رات کھلے آسمان کے تلے قیام کے بعد نماز فجر ادا کریں گے اور اس کے ساتھ ہی منیٰ پہنچیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔


اسی طرح 11 ذوالحج کو بھی تینوں شیطانوں کو بھی کنکریاں مارنے کا حکم ہے۔ 12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مک المکرمہ واپس جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 10، 11، 12 ذوالحج کو منیٰ میں قیام کرنا حج کا لازمی رکن ہے۔





اس دوران طو اف زیارت کے لئے حجاج کرام کے لئے مک المکرمہ میں مسجد الحرام جانا لازم ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تمام عازمین حج منی پہنچ چکے ہیں: منی میں دفتر امور حجاج پاکستان کا مین کنٹرول آفس 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔تمام مکاتب کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔



ترجمان نے کہا ہے کہ عازمین حج کسی بھی مشکل کی صورت میں مفت ہیلپ لائن پر کال کریں ۔


منی میں گرم موسم کے باعث عازمین حج پانی اور چھتری کا استعمال کریں ۔