• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر کی خشکی سے نجات کے چندگھریلو ٹوٹکے

خشکی سکری سے مراد سر کی جلد پر پیدا ہونے والے بھوسے جیسے سفید چھلکے ہیں جو بالوں میں جمع ہوتے رہتے ہیں اور پھر خارش کرنے پر شانوںپر گرتے رہتے ہیں۔ خشکی بالوں کی سخت دشمن ہے جو عموماً یہ جسمانی کمزوری کا نتیجہ ہوتی ہے۔

بعض اوقات خشکی سکری کی شکایت سر تک محدود نہیں رہتی۔ یہ مرض جسم کے دوسرے اعضا تک پھیل سکتا ہے لیکن اس کا زیادہ زور سر کی جلد ہی پر ہوتا ہے۔ یہ پلکوں، چہرے اور ناک کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ اگر آپ خشکی سکری سے دیرپا چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتےہیں تو ان گھریلو نسخوں پر عمل کریں۔

نیم:

نیم کے پتوں میں اینٹی فنگل اور اینٹی وائرل خصوصیات حاصل ہوتی ہیں جو سر کی خشکی ختم کرنے میں نہایت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

آپ گھر میں نیم کا تیل تیار کر سکتے ہیں یا اپنے گھر کے قریب واقع اسٹورز سے بھی خرید سکتے ہیں۔بہتر ہے کہنیم ماسک خود تیار کر یں ۔ نیم ماسک تیار کرنے کے لئے نیم کے پتّوں کا ایک پیسٹ بنائیں اور ایک پیالہ دہی میں ملاکر سر کی جلد پر لگائیں۔15 سے 20 منٹ تک لگا رہنے دیں پھر اسے دھولیں، خشکی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

لیموں کا رس اور انڈے کی سفیدی:

ایک پیالے میں دو انڈوں کی سفیدی لیں پھر اس میں ایک لیموں کا رس ملاکر آدھے گھنٹے کے لئے سر پر لگائیں۔آدھے گھنٹے بعد نیم کے صابن سے سر دھو لیں۔

انڈے کی سفیدی میں کثیر مقدار میں پروٹینز پائے جاتے ہیں جو بالوں کی اچھی صحت کے لئے ضروری ہیں۔لیموں کے رس میں شامل وٹامن سی خون کی گردش اور کولیجن کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے جس سے سر کی جلد کی صحت میں اضافہ ہوتا ہے۔

آملہ:

وٹامن سی سے بھرپور آملہ سر میں خشکی سکری ہونے سے روکتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی بیکٹیریل خصوصیات سر کی خشکی اور اس سے ہونے والی خارش کو فوراً ختم کر دیتی ہیں۔

آملہ کا ماسک بنانے کے لئے آ،لہ کا پاؤڈر پانی میں ملائیں، اس میں 8 سے 10 تلسی کی پتیوں کو پیس کر ملائیں اور اپنے سر کی جلد میں لگائیں ۔آدھے گھنٹے تک لگا رہنے دیں پھر ٹھنڈے پانی اور شیمپو سے سر دھو لیں۔

میتھی کے بیج:

متعدد گھریلو نسخے خشکی دور کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ ان میں سے ایک میتھی کے بیجوں کا استعمال ہے۔

اس نسخے کے مطابق دو کھانے کے چمچے میتھی کے بیج رات بھر بھگو کر رکھ دیں۔ اگلی صبح یہ نرم ہو چکے ہوں گے۔ ان نرم بیجوں کو کوٹ کر پیسٹ بنالیں۔ یہ پیسٹ سر میں لگائیں۔آدھے گھنٹے تک لگا رہنے کے بعد سر دھو لیں۔

ریٹھا، سکاکائی

ریٹھا اور سکاکائی جیسی جڑی بوٹیاں انفیکشن کی وجہ سے پیدا ہونے والے جراثیم ختم کرنے میں مددگار ہوتی ہیں۔آملہ ، ریٹھا اور سکاکائی سے بنے شیمپو سے سر دھونے سے بھی سر کی خشکی ختم ہوتی ہے۔یہ شیمپو گھر میں تیار کرنے کے لئے 5 سے 6 ریٹھا کے دانے، 7 سے 8 سکاکائی کے ٹکڑے اور چند آملہ کے دانے رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں۔

صبح نرم پڑ جانے پر سب کا ایک ساتھ مرکب بنالیں۔ اس کا گودا اور جوس الگ کر لیں ، اس جوس کو شیمپو کے طور پر استعمال کریں۔

خشکی سے نجات کے لئے غذائی احتیاط:

مندرجہ بالا نسخے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ متوازن اور مقوی غذا کا استعمال بھی ضروری ہے۔ جسم کو درکار تمام غذائی اجزا ملنے سے اس کی قوت مدافعت مستحکم ہوتی ہے۔ اکثر اوقات وٹامن اے اور وٹامن بی کی کمی سے بھی یہ شکایت بڑھ جاتی ہے۔

بحالی صحت کے لیے غذاؤں پر پوری توجہ نہایت ضروری ہے۔ چینی، تیز چائے یا کافی، مصالحے، اچار، نفیس اناج اور پراسیس کیے ہوئے مشروبات اور ایسی غذائیں جو میدے اور چینی سے بنائی گئی ہوں ان سے احتیاط ضروری ہے۔

خشکی کا مقابلہ کرنے کے لیے صبح کے وقت دھوپ میں کچھ دیر ننگے سر رہنا بھی مدد کرتا ہے۔ ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ پورے جسم کو اچھی صحت میں رکھنا بھی مدد دیتا ہے۔ اس سے خشکی دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

تازہ ترین