• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندر پار پاکستانی وطن کو مستحکم کریں، سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید

جاپان میں مقیم دس ہزار پاکستانی بھی اپنے ملک سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں ،جس قدرکسی دوسرے ملک میں مقیم پاکستانی کرتے ہیں ، اس بات کا اندازہ یوم آزادی کے موقعے پر بہتر طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں جاپان میں بھی مختلف تنظیموں نے جشن آزادی کی تقریبات کو انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا ہے ،تاہم ہمیشہ کی طرح سب سے اہم تقریب سفارتخانہ پاکستان میں منعقد ہوئی، جس میں سفیر پاکستان نے نہ صرف پرچم کشائی کی بلکہ اس کے بعد صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے ،جبکہ اس موقع پر بہت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی بھی سفارتخانہ پاکستان میں سفیر پاکستان کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے موجود تھی۔ اس موقعے پر سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے حاظرین کے لیے بہترین کھانوں سے تواضع بھی کی گئی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ جاپان میں رہنے والے دس ہزار پاکستانی اپنے آپ کو بھی جاپان میں پاکستان کا سفیر سمجھیں اور یہ اپنی ذمہ داری سمجھیں کہ آپ سب نے بھی جاپان میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے اور پاکستان کی نیک نامی کے لیے اپنے اخلاق ، کردار اور کوششوں سے جاپانی عوام کے دلوں میں پاکستان اور پاکستانی قوم کا ایک بہترین امیج پیش کرنا ہے تاکہ جاپانی قوم کو بھی پتہ چل سکے کہ پاکستانی قوم کتنی مہذب ہے، جبکہ ایک اور اہم کام جو ہم سب پاکستانی اپنے وطن کے لیے کرسکتے ہیں وہ زیادہ سے زیادہ رقم پاکستان بینکنگ چینل کے ذریعے پاکستان روانہ کریں۔ جیسا کے سب جانتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پہلے ہی سالانہ پندرہ سے بیس ارب ڈالر ذرمبادلہ پاکستان بھیج کر وطن کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں لیکن اس وقت بھی پاکستان کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے پاکستان میں اپنے اہل خانہ کو رقم بھجوائیں تاکہ پاکستان کی معیشت کی بہتری میں آپ کا کردار مزید پختہ ہوسکے ۔ وطن کو معاشی طور پر مستحکم کریں۔

سمندر پار پاکستانی وطن کو مستحکم کریں، سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید
سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے ہیں

سفارتخانہ پاکستان میں ہونے والی تقریب میں شاعر جاپان مشتاق قریشی نے بھی ملک سے محبت کے حوالے سے اپنے اشعار پڑھ کر میلہ لوٹ لیا وہ اپنی خراب صحت کے باوجود تقریب میں شریک ہوئے اور ملک سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔ جشن آزادی کے حوالے سے ایک اور اہم تقریبپاک جاپان دوستی فیسٹول، وینو پارک میں منعقد کیا گیا۔یہ فیسٹیول ہر سال منعقد کیا جاتا ہے، جس کا انعقاد جاپانی اور پاکستانی مل کرکرتے ہیں ۔اس حوالے سے دو کمیٹیاں ہیں جن میںپاکستان کی طرف سے راشد صمد خان ، میاں رمضان صدیق ، شاکر احمد اور امجد ناکائوکا شامل ہیں ،جبکہ جاپان کی جانب سے بھی کئی اہم افراد اس کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں ۔اس میں ہر سال لاکھوں افراد شریک ہوتے ہیں، اس دفعہ بھی پانچ دن رہنے والی اس تقریب میں ڈیڑھ لاکھ افراد نے شرکت کی ، اس تقریب میں پاکستان سے صوفی گروپ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس نے اپنے فن اور موسیقی سے جاپانی شہریوں کے دل جیت لیے ، یہاں پاکستانی کھانوں کے اسٹال لگائے گئے تھے جبکہ چودہ اگست والے دن پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان تھے ۔اس موقعے پر پاکستانی ترانا بجایا گیا تو ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور جاپانی شہری موجود تھے، جو پاکستانی ترانے کے احترام میں کھڑے تھے اور ترانے کے اختتام پر خصوصی تالیوں سے خوشی کا اظہار کیا گیا ۔

جشن آزادی کے حوالے سے ایک اور اہم تقریب جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد کی گئی ،جس میں پاکستا ن کے سپر اسٹارز کھلاڑی جہانگیر خان ، یونس خان ،شاہد آفریدی ،عالمی شہرت یافتہ سنگر رحیم شاہ اور معروف اینکر پرسن یحیی حسینی نے شرکت کی، اس تقریب کا اہتمام پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی اس تقریب کا اہم مقصد شاہد آفریدی فاونڈیشن کے اسپتال کی تعمیر کے لیے ایکسرے الٹرا ساونڈ ای سی جی مشینوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایمبولینس بھی فراہم کرنا ہے۔

تازہ ترین