• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاپ گلوکار، شاعر، بریک ڈانسر اور موسیقاراورلاکھوں دلوں کی دھڑکن،کنگ آف پاپ آنجہانی مائیکل جیکسن کے مداح آج ان کا 60 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔

کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن امریکی ریاست انڈیانا میں 29 اگست1958 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی موسیقی، رقص اور عوامی توجہ کی مرکز زندگی نے ان کو مقبول عام ثقافت کا چار دہایئوں تک مرکز بنائے رکھا۔

بچپن سے ہی مائیکل کو موسیقی سے بے حد لگائو تھا جس کی جستجو انہوں نے بہت کم عمری سے ہی شروع کردی تھی اورپانچ برس کی عمر میں ہی میوزک کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔

پاپ گلوکار اور بریک ڈانسر مائیکل جیکسن
مائیکل جیکسن کا بچپن

مائیکل جیکسن نے اپنے فنی کیریئرکا آغاز 1964ء میں اپنے بھائیوں کے پاپ گروپ جیکسن فائیو سے کیا۔ ابتدائی طور پر وہ اس گروپ میں طنبورہ اور بونگو بجاتے تھے۔ تاہم جلد ہی وہ اس گروپ کے مرکزِ نظر بن گئے اور مرکزی گلوکار کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

ان کا پہلا میوزک البم ’آئی وانٹ یو بیک‘ تھا جس نے دنیا بھر میں ایسی دھوم مچائی کہ سب کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔

مائیکل جیکسن نے اپنے پہلے سولو البم ’آف دی وال‘ کے ذریعے پاپ موسیقی کی دنیا میں الگ پہچان بنائی۔ 1982 میں انکے ایک اور البم’تھرلر‘ نے ایسا تہلکہ مچا یا کہ ہر ایک کی زبان پر ان کا نام تھاجو دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونیوالا البم بھی قرار دیا گیا۔

مائیکل جیکسن کی آواز کے ساتھ ساتھ ان کے انوکھے ڈانس اسٹائلز نے بھی پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کی جن کا مون واک نامی ڈانس اسٹائل ان کی شناخت بن گیا۔

1983ء میں مو ٹاؤن ٹی وی اسپیشل میں مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت 'بلی جین پر رقص میں ایک نئی حرکت متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔ اس حرکت کو بعد ازاں 'مون واک کا نام دیا گیا۔

مون واک ڈانس ميں ناظر کی نظر کو دھوکا دینے والا ایک ایسا کرتب ہے جس میں رقاص بظاہر آگے کی طرف قدم اٹھاتا ہے لیکن بجائے آگے بڑھنے کے پیچھے کی طرف جاتا ہے۔ مو ٹاؤن کے اس ٹیوی پروگرام کے اگلے ہی روز تھرلر کی فروخت میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہپ ہاپ موسیقی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مائیکل جیکسن نے 1991 میں اپنی نئی البم ’ڈینجرس‘ کے لیے موسیقار ٹیڈی رائلی کی خدمات حاصل کیں۔

شائقین اور ناقدین دونوں کو اگرچہ یہ البم زیادہ پسند نہ آئی لیکن اس میں مائیکل کے چند مشہور ترین گانے شامل تھے۔ ان گانوں میں بلیک اینڈ وائٹ، ریممبر دا ٹائم اور ان دا کلوزٹ شامل ہیں۔

ان کے اعزازات میں گنیز بک برائے عالمی ریکارڈ میں ایک سے زائد اندراجات، 13گریمی اعزاز، 750 ملین البم کی کاپیوں کی فروخت شامل ہیں۔

تھرلر، بیٹ اِٹ، بیڈ، ڈینجرس اور بلی جینز جیسے بلاک بسٹر میوزک البمز دینے والے مائیکل نے ایک حمد’گو تھینکس ٹو اللہ‘ بھی ریکارڈ کرائی جس سے انکے اسلام قبول کرنے کی افواہوں نے جنم لیا۔

کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن 9 سال پہلے دنیا سے رخصت ہوئے تاہم اپنے گانوں کی صورت میں وہ آج بھی اپنے چاہنے والوں کے دِلوں میں زندہ ہیں۔

تازہ ترین