• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی افسران کے ٹیلی فون ٹیپ ہونےکا انکشاف

پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران کے ٹیلی فون ٹیپ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ملک کے حساس اداروں کے سوا کسی کو ٹیلی فون ٹیپ کرنے کا اختیار نہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے حالیہ مہینوں میں مخبروں کی تلاش کی کوشش ضرور کی لیکن بورڈ کے کچھ افسران کے براہ راست ملوث ہونے کے باعث خبریں لیک کرنے کا نیٹ ورک ٹوٹ نہ سکا۔

ذرائع کے مطابق دو سال قبل جب شہریار خان پی سی بی کے چیئر مین تھے اس وقت پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں اس وقت چیئرمین ایگز یکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی نے خفیہ معلومات کا میڈیا میں آنے کا معاملہ اٹھایا تھا اور گورننگ بورڈ نے انہیں اختیار دیا تھا کہ اگر وہ کسی افسر یا ملازم پر شک کرتے ہیں تو ان کے فون ٹیپ کراسکتے ہیں۔ حیران کن طور پر یہ نکتہ میٹنگ کے آفیشل منٹس میں لانے سے گریز کیا گیا تھا۔

اس کے بعد پی سی بی کے کئی افسران اور ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ۔لیکن معلومات کو لیک کرنے کے لئے کچھ افسران نے اپنے گھروں کے فون اور بعض افسران نے ذاتی فون استعمال کئے۔

نمائندہ جیو نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی سے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹیلی فون ٹیپ کرنے کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ اس طرح کے اختیارات صرف آئی ایس آئی کے پاس ہیں۔ پھر واٹس اپ کالوں کو آئی ایس آئی بھی ٹیپ نہیں کرسکتا۔

نجم سیٹھی نے اعتراف کیا کہ پی سی بی میں بہت زیادہ خبروں کی لیکجز ہورہی تھی جس پر چند ماہ قبل انہوں نے ایک نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا تھا کہ ایک دوسرے کو بدنام کرنے کے لئے جو خبریں چھپوائی جارہی ہیں اس سے پی سی بی کو نقصان ہورہا ہے۔اگر اس بارے میں کسی کے خلاف ثبوت مل گئے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین