• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت:پی اے ایف نلتر کے زیراہتمام پہلی عالمی قراقرم میراتھن کا اختتام

گلگت کے علاقے نلتر کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں دنیا بھر سے ایک سو پچاس سے زیادہ اتھلیٹس نے حصہ لیکر ایک تاریخ رقم کردی۔ پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے، جوکہ اب اختتام پذیر ہوچکی ہے۔


سطح سمندر سے11300فٹ کی بلندی پراپنی نوعیت کی یہ منفردمیراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی و غیر ملکی، مردوخواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی، جنہوں نے نلترکے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس مقابلے میں حصہ لیا۔

24 ممالک کے 35 اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ امیچور کٹیگری میں21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ، ائیر وائس مارشل سرفراز خان، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انھوں نے اس موقع پر انعامات بھی تقسیم کیے۔

بیالیس کلومیٹر کی ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان نے پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔گلگت کے ہی عبیدالرحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کیں۔برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 21KM کی دوڑ میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔

تازہ ترین