• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی وی والی دیوار کو دلکش بنانے کے منفرد انداز

’ لاؤنج‘ کسی بھی گھرکا اہم گوشہ ہوتا ہے، جہاں تمام اہل خانہ اپنا فارغ وقت گزارتے ہیں ،مہمانوں کی آمد کے وقت یا کسی اہم مسئلہ پر گفت وشنید کے لیے لاؤنج کا ہی رُخ کیا جاتا ہے۔ جس طرح ایک خوبصورت گھر کے لیےخوبصورت لاؤنج کا ہونا ضروری ہےبالکل اسی طرح لاؤنج کے لیے ٹی وی رکھنے کی جگہ اور اس کے پیچھے دیوار کا متاثر کن ہونا بھی بے حد ضروری ہے ۔زمانے کی تبدیلی نے ٹی وی کے نت نئے انداز متعارف کروادیے ہیں۔ اب ڈبّے نما ٹی وی کے بجائے خوبصورت ٹی وی اسکرینوںکا دور پروان چڑھ رہا ہے، جس کے لیےایل سی ڈی، پلازما، Flat، ایل ای ڈی، Retina، کرسٹل اور تھری ڈی جیسی ٹیکنالوجیز مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ جب ٹی وی منفرد ہو تو کیوں نہ ٹی وی کے پیچھے والی دیوار بھی کچھ منفرد دکھائی دے؟ ٹی وی لاؤنج کا سب سے اہم حصہ ٹی وی کے پیچھے والی دیوار ہی ہوتی ہے، یہ جتنی پرکشش اور وضع دار ہوگی، آپ کا لاؤنج اتنا ہی متاثر کن لگے گا۔ تو آج کچھ بات کرلیتے ہیں ٹی وی والی دیوار کو سجانے کے منفرد انداز کی، جودوران تعمیر یاتزئینِ نو کی صورت میں آپ کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔

ٹی وی والی دیوار میں اسٹوریج کی جگہ

چھوٹے گھروں میں سب سے اہم مسئلہ اسٹوریج کی قلت کا ہوتا ہے۔ اگر آپ لاؤنج میں ٹی وی والی دیوار پر اسٹوریج کی جگہ بنوالیں تو کیسا رہے گا؟ آپ اس دیوار پر کیبنٹس بنوالیں جس سے نہ صرف آپ کو اپنا قیمتی سامان ذخیرہ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس طرح ایل سی ڈی کے لیے ایک منفرد اور خوبصورت فریم بھی حاصل کیا جاسکتاہے۔ اس وقت ٹی وی کے سائز کے ساتھ کٹنگ کیبنٹ سسٹم خاصا مقبول ہے، جس کے تحت دیوار پر دو دروازوں والی خوبصورت کیبنٹ بنوائی جاتی ہے، جس کے بعد ان دروازوں کے مرکز میں ایل سی ڈی کے لیے خوبصورت کٹنگ کے ہمراہ جگہ بنائی جاتی ہے۔ دوسری صور ت میں ٹی وی کے لیے دیوار پر جگہ چھوڑ کر اردگرد کھلے کیبنٹس بھی بنوائے جاسکتے ہیں۔ نچلی سطح پر درازیں اور ارد گرد خوبصورت انداز میں کیبنٹس ایک اچھا انتخاب اور اسٹوریج کا بہترین حل تصور کیا جاسکتا ہے۔

ٹی وی کیلئے دیوار میں فریم بنوائیں

اس ڈیزائن کے تحت دیوار پر ٹی وی کے سائز سے بڑا فریم بنوایا جاتا ہے تاکہ ٹی وی لگانے کے بعد اردگرد کا مختلف مٹیریل اور اسٹائل نمایاں ہوسکے ۔اگر آپ سادہ دیوار کے ساتھ ٹی وی لگانے کی تلاش میں ہیں تو لکڑی کا فریم ایک اچھا انتخاب ہے۔ دو مختلف رنگوں کی معیاری لکڑی کے ساتھ دیوار کے مرکزمیں ٹی وی رکھنے کے لیے ایک خوبصورت فریم تعمیر کروائیں یہ فریم بلٹ اِن ہو تو زیادہ بہتر ہے، دوسری صورت اُبھرے ہوئے فریم کا ڈیزائن بھی چنا جاسکتا ہے۔ یہ ڈیزائن سادہ لیکن خوبصورت اور وضع دار ہوتا ہے، جس کی تعمیر اگر دیواروں کا رنگ ذہن میں رکھتے ہوئے کی جائے تو ٹی وی لاؤنج کو ایک خوبصورت انداز دیا جاسکتا ہے۔

ٹی وی والی دیوار رنگین بنائیں

سادگی اور جدت کا امتزاج آپ کے ٹی وی لاؤنج کی شان وشوکت میں اضافہ کرے گا۔ ٹی وی والی دیوار کے لیے عمودی انداز میں کسی شوخ رنگ کا انتخاب کیجیے۔ دیوار کی نچلی سطح کو خوبصورت بنانے کی غرض سے چھوٹے سائز کی کیبنٹری آپ کو ایل سی ڈی ،ڈی وی ڈیز اور اسپیکر رکھنے کے لیے جگہ فراہم کرے گی، ساتھ ہی بلٹ اِن لائٹنگ کے ذریعے اس دیوار کی خوبصورتی بڑھانا آپ کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

بلٹ اِن ڈیزائن

کیا آپ بھی سمندر کنارے رہنے والے خوش نصیبوں میں سے ایک ہیں؟ اگر ایسا ہے تو ٹی وی لاؤنج کے لیے بڑی گلاس ونڈو کا انتخاب کیجیے، باہر کا دلفریب منظر لاؤنج کو ایک متاثر کن دلکشی عطا کرے گا۔ اب آتے ہیں بلٹ اِن بیک ڈراپ کی جانب، مرکزی دیوار میں نصب مستطیل طرز کا کم سطحی ڈیزائن منتخب کریں۔ دیوار کی آرائش کے لیے قدرتی سی گراس فائبر کا ستعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے جبکہ اس پر ماڈیولر اسٹائل شیلف بھی لگوائے جاسکتے ہیں۔

سفید اینٹوں یا پتھر کے ساتھ تعمیر

لاؤنج یا لیونگ روم میں ٹی وی والی دیوار کے لیے سفید اینٹوں یا پتھر کا استعمال بھی کیاجاسکتا ہے۔ یہ دیوار دوسطحی بھی ہوسکتی ہے، جس کے پہلے حصے میں ایل سی ڈی جبکہ دوسرے حصے میں آرائشی سامان یا اسٹوریج کے لیے شیلف بنوائے جاسکتے ہیں ۔اس دیوار پر روشنی کے پینل بھی لگوائے جاسکتے ہیں، جو کمرے کو روشن اور منفرد انداز دیں۔

پتھری فریم

ٹی وی والی دیوارکے لیے پتھری فریم ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے، جس کی تعمیر آپ کے مہمانوں کو حیرت میں مبتلا کردے گی۔ عام طور پر یہ انداز برطانوی فائیو اسٹار ہوٹل میں دیکھا جاسکتا ہے، جو آپ کے گھر کو بھی کسی فائیو اسٹار ہوٹل کا نقشہ دینے میں کامیاب ہوگا۔

تازہ ترین