• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

٭… بے وقوف

ایک روز کا ذکر ہے کہ، جلال الدین اکبر بادشاہ تخت پر بیٹھا ہوا تھا۔ اچانک اس کی نظر بیربل پر پڑی تو بے اختیار اس سے سوال کر دیا۔

بیربل یہ بتاؤ کہ، ’’سورج مشرق سے کیوں نکلتا ہے اور مغرب میں کیوں ڈوب جاتا ہے‘‘۔

’’حضور، اس سوال کا جواب بہت آسان ہے یہ کسی بھی بے وقوف سے پوچھئے گا، وہ بتا دے گا‘‘۔

بیربل کے جواب پر اکبر بادشاہ کے چہرے پر مسکراہٹ دوڑ گئی اور کہا کہ، ’’بھئی اسی لئے تو تم سے اس سوال کا جواب پوچھ رہا ہوں‘‘۔

بیربل بھی بادشاہ کی حاضر جوابی پر مسکرائے بغیر نہیں رہ سکا۔

٭… مہربان

حاضر جوابی بھی انسان میں خدا کی طرف سے تحفہ ہوتی ہے۔

بیربل کی طرح نوربی نامی خاتون بھی حاضر جوابی میں بہت مشہور تھی۔ اکبر بادشاہ کبھی کبھی اسے دربار میں بلا کر اس کی دلچسپ باتیں سن کر محظوظ ہوتا تھا۔

ایک بار نور بی دربار میں آئی ہوئی تھی۔ بیربل کو مذاق سوجھا اس نے نوربی سے پوچھا کہ، ’’میں نے سنا ہے کہ، جس لفظ کے آخر میں ’’بان‘‘ ہو وہ بے حد شریر اور چالاک ہوتا ہے، مثال کے طور پر گاڑی بان، شتر بان وغیرہ۔ کیا یہ درست ہے؟‘‘

نوربی مسکرائی اور برجستہ کہا، ’’یہ سچ ہے مہربان‘‘۔

تازہ ترین