• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کے داخلی حصے کا اچھا لگنابے حد ضروری ہے، کیوں کہ یہ مہمانوں سے آپ کا پہلا تعارف ہوتا ہے، جو آپ کی شخصیت کا پتا دیتی ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ یہ جگہ آپ کے اعلیٰ ذوق کے مطابق ہو۔ آپ کے گھر کا داخلی حصہ اس کی جمالیات اور ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ گھر کی اندرونی و بیرونی جگہ، دونوں کے بارے میں سوچیں۔ داخلی راستہ صاف ستھرا اور خوشگوار ہونا چاہیے۔ یہ مہمانوں کا استقبال کرے، گھر کے ڈیزائن اور سجاوٹ کی ایک شکل دکھائے اور صفائی اور تنظیم کی مثال پیش کرے۔ مزید براں، اسے روشن، اپنائیت بھرا اور دلکش ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ آپ کو حفاظت اور پرائیویسی کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ اسی لیے آج ہم آپ کے لیے ایسے انداز لائے ہیں، جن کی مدد سے آپ بھی اپنے گھر کے داخلی راستے کو بہت خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

گھر کے داخلی راستے کی بات کریں تو اس کو ہم تین حصوں میں تقسیم کرسکتے ہیں۔ ایک آپ کے گھر کا بیرونی حصہ، دوسرا مرکزی داخلہ گیٹ اور تیسرا گیٹ سے گھر کے اندر داخلہ ہونے والی راہداری۔

گھر کابیرونی حصہ کیسے بنایا جائے؟

گھر کے بیرونی حصے کا انداز چننا پہلا قدم ہوتا ہے اور بہتر تو یہ ہوتا ہے کہ وہ آپ کے ذہن میں موجود خاکے سے ملتا جلتاہو۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی یا گھریلو میں سے کون سا انداز اپناناچاہتے ہیں تو اس کے بعد باری آتی ہے مواد چننےکی۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بہت سے انتخابات موجود ہیں، جن میں سے آپ کوئی ایک یا پھر ایک سے زیادہ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ہر ایک ہی دیکھنے میں دوسرے سے مختلف لگےگا اور آپ کے گھر کو فراہم کردہ حفاظت اور پرائیویسی میں بھی فرق ہو گا۔

بیرونی حصے میں موجود پودے

گھر کے بیرونی حصے میں ایک باغ بنانا، اس حصے کو مزید پرکشش بنانے کا ایک آسان اور شاندار طریقہ ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو اس میں کچھ قدرت کے تحفے شامل کرنا نہ بھولیں، جو ہر آنے جانے والے کو خوش آمدید کہیں گے۔ آپ کسی باغبان یا مالی سے رابطہ کرکے یہ جان سکتے ہیں کہ آپ کے گھر کے لیے بہترین پودے کون سے ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں سورج کی روشنی کو دھیان میں رکھیں اور اگر آپ باغبانی سے زیادہ شغف نہیں رکھتے تو ایسے پودے چنیں جنہیں زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت نہ پڑتی ہو۔ آپ پودوں کے لیے مختص کردہ جگہ پر گملے بھی رکھ سکتے ہیں یا اگر آپ اِس سے بھی کچھ آسان چاہتے ہیں تو کچھ رنگ برنگے گملے چنیں تا کہ آپ مختلف اقسام کے پودوں کو منفرد شکل دے سکیں۔

مرکزی داخلہ گیٹ

دروازوں کے لیے لکڑی کا استعمال ہر دور میں مقبول رہا ہے۔ آ ج کے جدید دور میں بھی لکڑی کے دروازوں کو بہت پسند کیا جاتاہے۔ دروازے کے ساتھ شیشے کی کالمی آرائش اس کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنتی ہے۔ بیرونی دروازے کے ساتھ پھولوں اور پودوں کا استعمال ایک خوشکُن اضافہ ہوتاہے۔ مرکزی داخلہ گیٹ کو آپ 100فیصد روایتی لکڑی کے ساتھ بھی بنا سکتےہیں، جس میں پرائیویسی اور حفاظت کو زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ جبکہ کچھ لوگ لوہے کے گیٹ کا بھی انتخاب کرتے ہیں۔

راہداری

خاندان کو دھیان میں رکھیں:اگر آپ کے گھر میں بہت سے لوگ رہتے ہیں تو آپ کو راہداری میںاچھا خاصا سامان رکھنے کے لیے جگہ چاہیے، تا کہ اِس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ کمرے سے باہر بھی پہننے کے سارے کپڑے ترتیب سے رکھے رہیں اور پھیلے ہوئے نہ ہوں۔ اس مقصد کے لیے آپ راہداری میں خوبصورت بینچ رکھ سکتے ہیں، جس کے نیچے خفیہ الماریاں بنی ہوئی ہوں۔

فرش کو چمکائیں:کیوں نہ آپ ایک آرٹسٹک راہداری کے لیے ایک چمکدار فرش کا انتخاب کریں، جہاں دیواریں اور باقی رنگ بہت سادہ اور درمیانی ہوں۔ آپ کے مہمان اِس چمکیلے فرش پر توجہ دیئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ یہ چھوٹی جگہ کے لیے بھی بہترین ہے، کیوں کہ اِس طرح لوگ آپ کے فرش میں اتنا کھو جائیں گے کہ وہ جگہ کی کمی کو محسوس ہی نہیں کر پائیں گے۔

کچھ روشنی اور ہریالی لائیں

اِن ڈور پودوں سے زیادہ کوئی بھی چیز کسی راہ داری کو نہیں سنوار سکتی، اس لیے راہداری میں خوبصورت پودے رکھنا مت بھولیں۔ ساتھ ہی اگر شیشے کے دروازوں کے ذریعے راہداری میں اگر قدرتی روشنی کا انتظام ہوجائے تو سونے پہ سہاگہ والی بات ہوگی۔

تازہ ترین