• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ چوتھے ٹیسٹ اور سیریز کا فاتح،بھارت کو 60رنز سے شکست

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان انگلش ٹیم نے بھارتی سورمائوں کو ایک بار پھر دھول چٹا دی، ساوتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 60 رنز سے مات دے دی۔

انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ سیریز میں1-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے جبکہ آل رائونڈ کارکردگی پر معین علی مین آف دی میچ قرار پائے گئے۔

آج کھیل کے چوتھے روز بھارتی ٹیم 245 رنز کے تعاقب میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ،بھارتی کپتان کوہلی اور اجنکیا راہانے نے نصف سنچریاں بنائیں لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا نے اور سیریز 2-2 سے برابر کرنے میں ناکام رہے ،انگلش بولرز کی جانب سے معین علی نے 4 شکار کیے اور اینڈرسن اور اسٹوکس کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔

انگلش ٹیم نےآج اپنی دوسری اننگز 260رنز 8 وکٹ پر دوبارہ شروع کی تو ان کی پوری ٹیم 271رنز پر آئوٹ ہوگئی اور بھارت کو جیت کے لیے 246رنز کا ہدف مقرر کیا ۔

انگلش ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر جوس بٹلر 69رنز ،کپتان جو روٹ 48 اور آل رائونڈر سیم کرین 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بھارتی بولرز کی جانب سے محمد شامی نے 4 اور اشانت شرما نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔

میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیم کی پہلی اننگز 246پر سمٹ گئی جس میں سیم کرین 78رنز کے ساتھ نمایاں رہے،بھارت نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 273بنائے جس میں چتیشور پجارا سنچری اسکور کرتے ہوئے 132رنز بنائے اورآج میچ کے آخر تک اپنی ٹیم کی دونوں اننگز سمیت میچ کے ٹاپ اسکورر رہےتھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ 7 ستمبر سے اوول کرکٹ گرائونڈ میں شروع ہو گا ۔

تازہ ترین