• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 03 ستمبر ، 2018

’دل دل پاکستان ‘سے شہرت پانے والے جنید جمشید


پاکستان کا مشہور ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘ جو کہ ہر بچہ گنگناتا دکھائی دیتا ہے، یہ ملی نغمہ جب 1987 میں پہلی مرتبہ جنید جمشید نے گایا تو اس ملی نغمے نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے پورے گروپ کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ آج اسی ملی نغمے کے گائیک ’’جنید جمشید‘‘ کی 54 ویں سالگرہ ہے۔

جنید جمشید 3ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کے والد پاک فضائیہ میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔ جنید جمشید بھی پاک فضائیہ میں جا نا چاہتے تھے لیکن یہ خواہش ا ن کی پوری نہ ہوسکی اور بعد ازانہوں نے انجینئیرنگ کی تعلیم حاصل کی اور اسی دوران وائیٹل سائنز گروپ میں بطور لیڈنگ سنگر گاناشروع کیا۔

پاپ میوزک کے دور میں ان کے جو البم ریلیز ہوئے ان میں’ وائٹل سائنز ون، وائٹل سائنز ٹو،اعتبار، ہم تم، تمھارا اور میرا نام، اس راہ پر، دی بیسٹ آف جنید جمشید اور دل کی بات‘ شامل ہیں۔

انہوں نے اپنے گلوکاری کے کیریئر میں وہ شہرت اور مقبولیت حاصل کی جو بہت ہی کم لوگوں کے نصیب میں آتی ہے۔

15 سال تک پاپ میوزک میں کامیابیوں اور دنیا کے مختلف ممالک میں پرفارم کرنے کے بعد جنید جمشیدنے گلوکاری کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا اور مذہب کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث اپنی زندگی اسلام کے لیے وقف کردی۔

پاکستان کے بہترین پاپ سنگر ہونے کے باوجود انہوں نے گلوکاری اور موسیقی کے کیریئر کو خیرباد کہہ دیا۔ فن کی بلندیوں پر جنید جمشید کا مذہب کی جانب راغب ہونا دنیا بھر کے مسلم حلقوں میں احترام کی نگاہ سے دیکھا گیاتاہم انہوں نے اپنی آواز کو ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں اپنی نعتوں کے ذریعے زندہ رکھا۔

جنید جمشید بہت سے لوگوں کے لیے ایک متاثر کن شخصیت تھے، انہوں نے نعتوں کے ساتھ ساتھ کئی دینی پروگرامز اور ایونٹس میں بھی شرکت کی، اپنی زندگی کے آخری سفر میں بھی وہ اسلام کی تبلیغ پر موجود تھے۔

جنیدجمشید 7دسمبر 2016 کو پی آئی اے فلائیٹ 661کے حادثے میں وفات پاگئے۔