• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمبرائیڈری ایک ایسا فیشن ہے، جو ہر دور میں مقبول ٹرینڈ ثابت ہوتاہے، کسی دور میں ہاتھ کی کڑھائی تو کسی دور میں مشینی۔ ایمبرائیڈری کی مثال اس فیشن کی طرح ہے، جس کی مجموعی شکل تو وہی رہتی ہےلیکن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اس میں کمی بیشی کر لی جاتی ہے۔ غیر ممالک کا پاکستانی فیشن انڈسٹری کی جانب جھکاؤ ہونے کی ایک وجہ یہاں کی ایمبرائیڈری ہے۔ دیدہ زیب کڑھائیاں عام ملبوسات کے علاوہ شادی بیاہ کے ملبوسات پر بھی بے حد خوبصورت اور منفرد معلوم ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ عام سے سوئیٹر، مفلر، شالیں اور جیکٹ وغیرہ بھی کڑھائی کے بعد بیش قیمت اور حسین لگنے لگتے ہیں، اگر یہ کڑھائی ہاتھ سے کی گئی ہو تو مزید دل فریب معلوم ہوتی ہے۔

انٹرنیشنل ڈریس ڈیزائنر کے مطابق پاکستانی ڈریسز میں ایمبرائیڈری پہلی ترجیح ہوتی ہے، جس کے باعث یہ ملبوسات انفرادیت رکھتے ہیں۔ ایک دور تھا جب نانی اور دادی کے ہاتھ کی کڑھائی کی گئی قمیضیں اور دوپٹے استعمال کیے جاتے تھے۔ بدلتا زمانہ اور نئے رجحانات فیشن اپنا نے کے طریقوں میں بھی تبدیلی لے آئے ہیں مگر ایمبرائیڈری ہر دور اور فیشن کا حصہ رہی ہے۔ اگر آپ بھی ہر دور میں مقبول اس خاص فیشن ٹرینڈ کواپنا نے کی خواہشمند ہیں، تو مندرجہ ذیل آئیڈیاز آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں ۔

فلورل اسنیکرز

اسنیکرز مقبول جوتے ہیں، جن کی دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز سے زائد کی مارکیٹ ہے۔ یہ ایک ایسا فیشن ٹرینڈ ہے جسے آغاز سے ہی فیشن کے حلقوں میں تیزی سے اپنایا گیا ۔ لیکن اگر آپ سادہ سے اسنیکر ز کے بجائے فلورل ایمبرائیڈری والے اسنیکرز کا انتخاب کریں تو یہ ایک منفرد اور دلکش احساس ہوگا،جو آ پ کی شخصیت کی رعنائی میں مزید اضافہ کرے گا۔جوتوں کی یہ قسم نہ صرف آرام دہ ہے بلکہ فیشن ایبل بھی، یہی وجہ ہے کہ ورکنگ ویمن ہوں یا کالج جانے والی لڑکیاں، جوتوں کا انتخاب ان خواتین کی پہلی ترجیح ہوتا ہے ۔

ایمبرائیڈری جینز

زیادہ تر خواتین کی الماری میں جینزلازمی موجود ہوتی ہے۔ سادہ جینز تو آپ بہت پہنتی ہوں گی کیونکہ نہ اس برس اپنی وارڈروب میں فلورل ایمبرائیڈری والی جینز کا اضافہ کریں۔ ایمبرائیڈری کے ذریعے آپ جینز تو جینز اپنے پہناوے کو بھی خوبصورت، منفرد اور دلکش انداز فراہم کرسکتی ہیں۔

ایمبرائیڈری پرس

مہنگے اور برانڈڈ ملبوسات کے ساتھ سادے لیدر کے بیگ تو سب ہی لیتے ہیں کیوں نہ اس بار سادہ ملبوسات کے لیے ایمبرائیڈڈ ہینڈ بیگ کا انتخاب ہوجائے، کڑھائی کے مقبول رجحان کو اپنانے کا سب سےاچھا اور بہترین طریقہ ایمبرائیڈڈ پرس ہی ہیں۔ سادہ سی کڑھائی بھی اس لوازم کو جدت بخش سکتی ہے، ان دنوںفیشن میں جہاں ایک جانب چین کے ساتھ چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ اِن ہیں، وہیں مختلف اقسام کے بیگز پر کی جانے والی ایمبرائیڈری بھی خاصی مقبول ہے۔

ایمبرائیڈڈ سینڈل

اگر آپ کو اسنیکرز نہیں پسند یا پھر آپ سینڈل کی شوقین ہیں، تو آپ اس رجحان کو اپنانے کی خواہش ایمبرائیڈڈ سینڈل کے ذریعے بھی پوری کرسکتی ہیں۔ اگر ایمبرائیڈڈ سینڈل بلیک کلر میں ہو تو اس سے ایک نہیں کئی ملبوسات کی میچنگ ہوجاتی ہے۔

ایمبرائیڈری جیکٹ

جیکٹ موسم سرما کا خاص فیشن ایبل پہناوا ہے، جو مردوں میں ہی نہیں بلکہ خواتین میں بھی خاصامقبول ہے۔ فیشن کی دنیا میں نئے انداز اور انوکھے رنگوں کے ساتھ متعارف کرائی جانے والی جیکٹس موسم سرما آنے سے قبل ہی مارکیٹوں کی زینت بن جاتی ہیں۔ 

لمبی جیکٹس کے علاوہ کئی برسوں سے کڑھائی والی اور شارٹ جیکٹس بھی مشرقی اور مغربی فیشن انڈسٹری میں یکساںطور پر مقبول ہو رہی ہیں۔ اکثر خواتین ان جیکٹس کی پشت پر ایمبرائیڈری سےاپنا نام بھی لکھواتی ہیں جبکہ دیگر فلورل ایمبرائڈری کو پسند کرتی ہیں ۔

بومبر جیکٹ

گزشتہ برس سے بومبر جیکٹ نے فیشن کی دنیا میں دوبارہ قدم جمالئے ہیں۔ ہر نئے سال اس جیکٹ کے نت نئے انداز، انوکھے رنگوں کے ساتھ متعارف کروائے جاتے ہیں، جو گرمیوں اور بہار کے موسم میں خواتین کی پہلی ترجیح بنتی ہے۔ 

سادہ اور لمبی جیکٹس کے علاوہ ایمبرائیڈری کے ساتھ بومبر جیکٹ بھی خاصی مقبول ہے، جو آپ کے لیے جینز کے ساتھ ایک پرفیکٹ آؤٹ فٹ ثابت ہوتی ہے۔ جینز اور ٹی شرٹ پرایمبرائیڈڈ بومبر جیکٹ کو فیشن کے حلقوں میں تیزی سے اپنایا جارہا ہے۔

تازہ ترین