• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے اعلیٰ پولیس افسران کے دیگر صوبوں میں تبادلے کی تیاری

وفاق کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت 12اعلیٰ پولیس افسروں کے سندھ سے تبادلے کی تیاری کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق تمام پولیس افسروں کو پنجاب، بلوچستان یا کے پی میں تعینات کئے جانے کا امکان ہے، وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کی ہدایت پراسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں فہرستیں تیار کر لی گئیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ کے گریڈ 20یا 21کے افسروں کے بین الصوبائی تبادلوں کے احکامات ایک دوروز میں جاری ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ تبادلوں کے لیے تیار فہرست میں سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر سرفہرست ہیں،گریڈ 21 کے افسر مشتاق مہر 22 سال سے سندھ کے مختلف علاقوں میں تعینات رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی فہرست میں شامل ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف زئی بھی 20سال سے مسلسل سندھ میں ہی تعینات ہیں، ڈی آئی جی نعیم شیخ، جاوید عالم اوڈھو اور ثاقب اسماعیل میمن 15 سال سے سندھ میں تعینات ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دوسرے صوبوں میں تبادلے کیے جانے کی فہرست میں شامل ڈی آئی جی عامر فاروقی، سلطان علی خواجہ ،عبداللہ شیخ ،خادم رند اور جاوید مہر بھی 10 سال سے زائد عرصے سندھ میں تعینات رہے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ پنجاب، بلوچستان یا خیبرپختونخوا میں تعینات پولیس افسروں کو سندھ بھیجا جائے گا۔

تازہ ترین