• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دن میں 1 لاکھ درخت لگانے والا ڈرون تیار

برطانیہ میں ایک ایسا ڈرون طیارہ تیار کیا گیا ہے جو ایک دن میں ایک لاکھ درخت لگا سکتا ہے۔یہ ڈرون وہاں بھی جائے گا جہاں تک انسانی رسائی ممکن نہیں ہے۔

اس طرح کے محض 30 ڈرون، ایک سال میں ایک ارب سے زیادہ درخت لگا سکتے ہيں، پاکستان میں شجرکاری مہم اپنی مدد آپ کے تحت جاری ہے اور حکومت کا پانچ سال میں دس ارب درخت لگانے کا ہدف ہے ۔

دنیا میں اس وقت ہر سال پندرہ ارب درخت کاٹے اور نو ارب درخت لگائے جا رہے ہیں۔ یوں ہر سال زمین پر چھ ارب درخت کم ہو جاتے ہیں۔ ہاتھ سے درخت لگانا زیادہ وقت لیتا ہے اور مہنگا بھی پڑتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ایک ایسا ڈرون تیار کیا گیا ہے جو روزانہ ایک لاکھ درخت لگا سکتا ہے۔

برطانیہ کی ایک کمپنی کے تیار کردہ اس ڈرون سے ایسے علاقوں میں بھی درخت لگائے جا سکتے ہیں جہاں تک رسائی ممکن نہ ہو۔ یہ ڈرون سب سے پہلے ایک تھری ڈی نقشے سے سطح زمین کا جائزہ لیتا ہے اور پودے لگانے کا پیٹرن طے کر لیتا ہے۔

ڈرون میں بیچوں سے نکلے ہوئے پودے ہوتے ہیں جنھیں یہ ڈرون ایک پودا فی سیکنڈ کے حساب سے زمین پر فائر کرتا ہے اور وہ زمین میں نصب ہو جاتے ہیں۔ اس طرح کے ساٹھ ڈرون طیارے ایک سال میں ایک ارب درخت لگا سکتے ہیں۔

موسمیاتی تغیرسے بچنے اور پانی کی کمی دور کرنے کےلیے وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے بھی ملک میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے ، مہم کے تحت اگلے پانچ سال میں دس ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مہم میں وفاقی حکومت کے ساتھ دیگر محکمے بھی شریک ہیں۔

وزیراعظم کی کابینہ بھی اپنے اپنے اداروں میں شجر کاری مہم پر زور دیئے ہوئے ہے ، اس کے ساتھ ديگر ادارے اور شخصیات بھی قوم کو شجرکاری مہم کی ضرورت سے آگاہ کرنے میں پیش پیش ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی پودا لگاکر شجر کاری مہم میں حصہ لیا اور ملک کے لیے درختوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔

اس سے پہلے تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ دور میں خیبر پختونخوا میں دوہزار پندرہ میں بلین ٹری مہم شروع کی جس میں ایک ارب درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا تھا ۔

اگر ملک میں برطانوی ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتےہوئے شجر کاری مہم ميں استعمال کیا جائے تو پاکستان اپنی مہم میں زیادہ تیزی سے کامیابی حاصل کرپائے گا ۔

برطانوی ڈرون ٹیکنالوجی کے تحت صرف ساٹھ ڈرون طیاروں کے ساتھ ایک سال میں ایک ارب درخت لگائے جاسکیں گے ۔

تازہ ترین