• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلر سمیت 4ملزمان گرفتار

کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر لیا،فیڈرل بی ایریا سے 2مسلح ملزمان موٹرسائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے۔

پاپوش نگر چاندنی چوک میں شادی کی تقریب میں گانا بجانے پر پڑوسیوں میں جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہو گئے۔

کورنگی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ایوب عرف کالو کو گرفتار کر لیاہے، ملزم نے زمان ٹاؤن میں فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے دو کارکنان صلاح الدین اور شاہد عرف پاسپورٹ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزم کے قبضے سے آوان بم بھی ملا ہے۔

پیرآباد اور سرسید کے علاقے سے پولیس نے منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

فیڈرل بی ایریا بلاک13میں موٹر سائیکل چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے، جس میں دو ملزمان کو پانچ منٹ میں باآسانی موٹرسائیکل چوری کرکے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ملزمان موٹرسائیکلوں کے قریب اپنی موٹرسائیکل کھڑی کرکے دوسری موٹرسائیکل کا تالا کاٹتے ہیں اور پانچ منٹ میں موٹر سائیکل لیکر فرار ہوجاتے ہیں۔

پاپوش نگر چاندنی چوک میں شادی کی تقریب میں رات گئے گانا بجانے پر پڑوسی اور شادی کی تقریب میں آئے لوگ آپس میں لڑ پڑے۔

جھگڑے کے دوران مخالفین نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے وار کیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کاکہنا ہے کہ دوافراد کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین