• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منویر سنگھ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بھارت نے ساف فٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان کو3-1 کی شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آئوٹ کردیا۔ سومیت پاسی نے بھارت کا تیسرا جبکہ پاکستان کا واحد گول کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل محمد علی نے کیا۔

بارش کے باعث گرائونڈ کی حالت انتہائی خستہ تھی، کھلاڑیوؒں کا گیند پر کنٹرول بالکل بھی نہیں رہا، کیچڑ اور پھسلن کی وجہ سے کئی کھلاڑی گرے اور زخمی ہوئے جنہیں اسٹریچر پر لٹا کر گرائونڈ سے باہر لیجایا گیا۔

بھارتی ٹیم سات بار ساف چیمپئن شپ جیت چکی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل تین بار سیمی فائنل میں پہنچ سکی ہے۔ ابتدائی دو میچوں میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور پاکستان کے پاس بھارت کو شکست دیکر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ہاتھ آیا لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کی دفاعی حکمت عملی نے انہیں بھارت کے خلاف پہلی کامیابی سے بھی محروم کردیا۔

پاکستانی ٹیم پہلے ہاف میں تو دفاعی حکمت عملی کے باعث کوئی گول نہ کھا سکی لیکن دوسرے ہاف میں اوپر تلے تین گول کھا کر ایونٹ سے آئوٹ ہوئی۔

ایک دوسرے سے الجھنے پر ریفری نے پاکستان اور بھارت کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر گرائونڈ بدر کیا۔

بنگلہ دیش کے نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا سیمی فائنل پہلے ہاف میں بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم کھیل پر چھا گئی۔

میچ کا پہلا گول دوسرے ہاف کے تیسرے منٹ میں بھارتی کھلاڑی منویر سنگھ نے عاشق کے خوبصورت پاس پر کیا۔ کھیل کے 69 ویں منٹ میں منویر سنگھ نے بھارت کا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ 84 ویں منٹ میں بھارتی کھلاڑی سومیت نے بھارت کا تیسرا گول کرکے ٹیم کو 3-0 کی برتری دلائی اور پاکستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔

کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل پاکستان کا واحد گول محمد علی نے کرکے اسکور 3-1 کیا۔

تازہ ترین