• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین سال بعد پریمیئر لیگ کا آغاز، پاکستانی فٹ بال کیلئے خوشگوار ہوگا، علی بہار بروہی

تین سال بعد پاکستان پریمئر لیگ کا آغاز ہوگا، جو کہ قومی فٹ بالرز کیلئے انتہائی مسرت کن ہوگا۔ ہے، ملک میں قومی اور عالمی فٹ بال کی بحالی کا سہرا پی ایف ایف کے سربراہ فیصل صالح حیات کو جاتا ہے، عالمی فٹ بال میں جاتے ہی پاکستانی فٹ بالرز نے شاندار کارکردگی سے ملک کانام فخر سے بلند کیا ہے۔

یہ بات پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق رکن علی بہار بروہی نے جنگ سےگفتگو کرتے ہوئے کی۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ فیصل صالح حیات کا ہی خاصا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا ایونٹ دوبارہ شروع ہونے کو ہے۔ تین سال کے وقفے کے بعد پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال ایونٹ 25 ستمبر سے ملک کے مختلف گرائونڈ پر ہوگا۔

پریمیئر لیگ کو پاکستان کے سب سے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ کی حیثیت جانا پہچانا جاتا ہے جس میں شرکت کا موقع حاصل کرنے والی ٹیمیں اور کھلاڑی اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ یہی وہ قومی فٹ بال پیمانہ ہے جہاں نچلی سطح سے آنے والے کھلاڑی اپنے آپ کو منوا کر قومی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں، بلاشبہ گزشتہ تین سالوں میں ملکی فٹ بال کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ ناممکن ہے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ ماضی کی غلطیوں کو درگزر کرتے ہوئے ہمیں ایک ساتھ فٹ بال کے کھیل کو ترقی دینا ہوگی۔

گزشتہ تین سالوں میں پاکستان سے فٹ بال کا تقریباً نام و نشان مٹ گیا تھا لیکن فیصل صالح حیات نے جو قانونی جنگ لڑی اس پر میں اور میرے ساتھی انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ سندھ میں کھیل کی ترقی کیلئے جو ہدایت صدر پی ایف ایف دیں گے اس کے مطابق کام ہوگا۔ ہمیں آپس کے لڑائی جھگڑے بھلا کر فٹ بال کا جو نقصان ہوا ہے اسےختم کرنا ہوگا۔

عالمی رینکنگ میں ہم سے بھی نیچے رہنے والی ٹیمیں گزشتہ تین سالوں سے ہماری غیر حاضری کے باعث آج ہم سے کئی درجے اوپر پہنچ چکی ہیں جس کا سب کو افسوس ہے لیکن پی ایف ایف کے سربراہ نے دوبارہ چار سنبھالتے ہی جو اقدامات کئے ہیں اس سے پاکستانی فٹ بال لورز اور کھلاڑی مطمئن ہیں کہ جلد ہی پاکستانی ٹیم عالمی رینکنگ میں پہلے سے بھی بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

تازہ ترین