• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک اور معذور ہونیوالے بچے کے اہل خانہ میں معاہدہ طے

کراچی کے علاقے احسن آباد میں بجلی کے تار گرنے سے بچے کی معذوری سے متعلق کیس میں کے الیکٹرک اوربچے کے اہل خانہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے سندھ ہائی کورٹ کو معاہدے سے آگاہ کر دیا۔

احسن آباد میں بجلی کے تار گرنے سے بچے کی معذوری سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کے الیکٹرک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ معذور ہونے والے بچے عمر کے اہل خانہ سے معاہدہ طے پا گیا ہے، گرفتار7 ملازمین کی ضمانت بھی منظور ہو چکی ہے۔

وکیل کے الیکٹرک کے مطابق ملزمان کی ضمانت 50 ،50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظورکی گئی ہے جبکہ بچے کے والد اور مقدمے کے مدعی نے کیس واپس لے لیا ہے۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ معاہدے کے تحت کے الیکٹرک بچے کے اہل خانہ کو 25ہزار روپے ماہانہ دے گی اور معاوضے میں سالانہ 5 فیصد اضافہ بھی ہو گا۔

احسن آباد میں بجلی کے تار گرنے سے معذور ہونے والے بچے کے اہل خانہ اور کے الیکٹرک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات کے مطابق سی ای او کے الیکٹرک نے متاثرہ بچے کو 50 لاکھ روپے دینے ،بچے کے اہل خانہ کو ملک یا بیرون ملک خواہش کے مطابق بچے کا علاج کرانے کی پیشکش کی گئی ہے۔

کے الیکٹرک نے سندھ ہائی کورٹ سے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی بھی سفارش کی ہے کہ میڈیکل بورڈ کی تجویز پر متاثرہ بچے کا علاج جہاں ممکن ہوا کرایا جائے گا، بیرون ملک علاج کی صورت میں سفر سمیت تمام اخراجات کے الیکٹرک برداشت کرے گی،ضرورت پڑی تو متاثرہ بچے کو مصنوعی بازو بھی لگوائے جائیں گے۔

کے الیکٹرک کے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک علاج کی صورت میں والدین یا خاندان کے 2افراد کے اخراجات ادارہ برداشت کرے گا،بچے کو ماہانہ 25 ہزار روپے 24 سال کی عمر تک دیے جائیں گے،جن میں سالانہ 5فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ بچے کی دیکھ بھال اور علاج کے لیےماہانہ ایک لاکھ روپے الگ ادا کیے جائیں گے، اس کے تمام تعلیمی اخراجات کے الیکٹرک برداشت کرے گا، اگر بچہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنا چاہے تو بھی کے الیکٹرک اخراجات برداشت کرے گا،ادارہ متاثرہ بچے کو ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت بھی دےگا، کے الیکٹرک انتظامیہ تبدیل ہونے پر بھی معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو معاہدہ ماتحت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین