• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ: پاکستان کا بھارت کو جیت کیلئے 163 رنز کا ہدف

ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 163رنز ہدف دے دیا،بھارتی بولرز کے سامنے گرین شرٹس ریت کی دیوار ثابت ہوئے تاہم بابر اعظم 47رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم کی  بھارتی بولرز نے ایک نہ چلنے دی اور پوری ٹیم 43اشاریہ 1 اوورز میں 162 رنز  ڈھیر ہوگئی۔

ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 47، شعیب ملک 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دیگر آئوٹ ہوئے والے بیٹسمین میں فہیم اشرف 21، کپتان سرفراز 6، شاداب خان 8 اور آصف علی 9، حسن علی ایک رن بنا سکے تاہم بھارتی بولرز کی جانب سے کیدھر جادھو ، بھونیشور کمار نے 3،3، بمراہ 2 اور کلدیپ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

پاکستان کی بیٹنگ کے دوران بھارتی آل رائونڈر ہردیک پانڈیا گیند کراتے ہوئے گر کر کمر کی انجری کا شکار ہوئے جنہیں بھارتی ٹیم کے فزیو معائنہ کرنے کے بعد اسٹچر پر گرائونڈ سے باہر لے گئے۔

اس سے پہلے پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس اننگز کی شروعات بلکل اچھی نہ رہی اور صرف 3 رنز کے اسکور پر انہیں دونوں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان سے ہاتھ دھونا پڑا، دونوں شکار بھارتی بولر بھونیشور کمار کے حصے میں آئے۔

چیمپئنز ٹرافی2017 کے بعد روایتی حریفوں کا آج پہلی مرتبہ سامنا ہوگا،پاکستان کے اس وقت کے کپتان تو آج کے میچ میں بھی برقرار ہیں لیکن بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے ویرات کوہلی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ان کی جگہ روہت شرما بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم بھی اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہتر ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کیلیے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشنز بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں۔ ہم یہاں بہتر کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں، ٹیم نروس ضرور ہے لیکن جیت کا جذبہ لے کر ہی میدان میں اترے گی۔

ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت کا پلہ بھاری ہے اس نے پاکستان کو چھے مرتبہ شکست دی جبکہ پاکستان نے بھارت کو چار مرتبہ زیر کیا ہے۔

بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان الیون کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، حسن علی، شاداب خان،آصف علی، فہیم اشرف، محمد عامر اور عثمان خان شنواری پر مشتمل ہوگی۔

بھارتی ٹیم  میں کپتان روہت شرما، شیکر دھون، مہندرا سنگھ دھونی،دنیش کارتھک، بھونیشور کمار، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، ہردیک پانڈیا، امباتی روئیڈو، کیدھر جادہو  اور یزویندرا چاہل شامل ہیں۔

پاکستان بھارت میچ کے لئے جنوبی افریقا کے تجربہ کار ماریس ارامس اور سری لنکا کےروچیرا پالیا گروگنگے امپائر ہوں گے۔ جارج بریتھ ویٹ ٹی وی اور انیس الرحمن فورتھ امپائر ہوں گے۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریباً پندرہ ماہ کے بعد ایک دوسرے کے سامنے آرہی ہیں۔

تازہ ترین