• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے عمران کی دعوت قبول کرلی، وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو ہوگی

بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پاک بھار ت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی تجویز قبول کرلی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں ہو گی۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے بریفنگ میں بتایا وزیراعظم عمران خان کی پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی تجویز حکومت نے قبول کرلی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات نیویارک میں ہوگی جو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرکی جائے گی ۔

رویش کمارنے مزید بتایا کہ ملاقات کا ایجنڈا طے نہیں ہوا ، ہم نے صرف ملاقات کی حامی بھری ہے ۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں بھارت کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نا ہی اس ملاقات کا مطلب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی ہیں۔

کرتار پور کوریڈور کھولنے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

رویش کمار نے یہ بھی کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران اس معاملے کو اٹھائیں گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خط کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے جبکہ وزیراعظم نے تجویز دی تھی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے کی جائے۔

تازہ ترین