• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھارت کا غیر سنجیدہ رویہ دیکھ رہی ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان امن مذاکرات کےلئے کھڑا ہے،بھارت کا رویہ بھی دنیا کی نظر آرہا ہے ۔

بھارت کی طرف سے وزراء خارجہ کی ملاقات منسوخ پر جیو نیوز سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کےشدت پسندگروہ پاکستان اوربھارت کےدرمیان معاملات کوسبوتاژکررہےہیں، لگتا ہے کہ بھارتی کابینہ میں یکسوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھلے دل سے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی،اگرآپ گفتگو نہیں کریں گےتو مسائل حل نہیں ہوں گے،بھارتی حکومت میں یکجہتی اور یکسوئی نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ، ہم نے ہاتھ بڑھایا ہے اب آپ کی مرضی ہے ،بھارتی حکومت شدت پسندی کے زیر اثر ہے،دنیا نئی دہلی کے غیر سنجیدہ رویے کو دیکھ رہی ہے ،ہمیں فرق نہيں پڑتا ۔

شاہ محمود قریشی آج رات نیو یارک جا رہے ہیں،پاکستان نے امن کی بات کی اور مذاکرات کے لیے کھڑا ہے، امن کے لیے جو ممکن ہے وہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا، سدھو پاکستان آئے لیکن بھارت میں ان کے ساتھ کیا ہوا، اس سے پتا چلتا ہے ،بھارتی معاشرے میں کتنی شدت پسندی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے ملاقات کی رضا مندی ظاہر کی پھر پیچھے ہٹ گیا، اس سے پتا چلتا ہے بھارتی حکومت کے اندر یکجہتی نہیں ہے وہ تقسیم نظر آرہے ہیں لیکن ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عالمی رائے عامہ میں پاکستان کو سنجیدہ ملک کے طور پر لیا جارہا ہے، ایسے ملک کے طور پر جو امن کا خوہاں ہے اور بھارت کا رویہ سب لوگ دیکھ رہے ہیں، جو غیر سنجیدگی کا مظاہرہ بھارت کی طرف سے ہوا، دنیا اسے دیکھ رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کوئی قباحت نہیں ہے، اگر گفتگو نہیں کریں گے تو جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں، اگر لڑتے رہنا ہے تو اگلے 70 سال بھی لڑتے رہیں، ہم امن کے لیے ہاتھ بڑھا رہے ہیں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، ہم نے اپنی سنجیدگی اور تمنا ظاہر کردی ہے، ہم غربت کی لکیر سے نیچے دونوں ممالک کے کروڑوں لوگوں کے مفاد کے لیے امن کی بات کررہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہاکہ بھارت دنیا میں تنہا ہورہا ہے، یہ پاکستان ایک فتح ہے، اگر بھارتی قیادت کا رویہ ایسی رہا تو اس پر بات آگے نہیں بڑھے گی، ہم نے ہاتھ بڑھایا ہے آپ کی مرضی ہے جو چاہیں۔

تازہ ترین