• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موم بتی کی روشنی میں علاج کرنے والا اسپتال

بھارت میں ایک اسپتال ایسا ہے جہاں موم بتی کی روشنی میں اور بعض اوقات اندھیرے میں مریض دیکھے جاتے ہیں۔

بھارتی ریاست اڑیسہ میں واقع ایک سرکاری اسپتال برسوں سے بجلی کی عدم دستیابی، کم والٹیج اورجنریٹر نہ ہونے جیسی مشکلات کا شکار ہے۔

اس اسپتال میں موجود ڈاکٹرز تشویشناک حالت میں لائے گئے مریضوں کا بھی اندھیرے میں علاج کرنے پر مجبور ہیں۔اکثر اوقات تو مریض کے ساتھ آنا والا اپنے ساتھ خود موم بتیاں اٹھا لاتا ہے ۔

ڈاکٹرز کئی برسوں سے بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ میں اس اسپتال میں روزانہ 200 کے قریب مریض دیکھتا ہوں، یہاں بجلی کی فراہمی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، مریض جب میرے پاس آتا ہے تو بجلی نہ ہونے کی صورت میں مجھے مجبوراً اسے اندھیرے میں ہی دیکھنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بجلی موجود بھی ہوتی ہے تو والٹیج انتہائی کم آتے ہیں کہ ہماری مشینیں کام نہیں کرتیں۔ کم یا زیادہ والٹیج آنے کی صورت میں مشینیں خراب بھی ہوتی جا رہی ہیں۔

بیماریوں کے اس دور میں اسپتال آنے والے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جبکہ ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے۔

مریضوں کی صحت کی خاطر وہاں موجود ڈاکٹرز حکومت سے اسپتال پر توجہ دینے، اور بجلی کی عدم دستیابی کے موقع پر ایمرجنسی لائٹوں اور جنریٹر مہیا کرنےکا مطالبہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

تازہ ترین