• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کے میچ میں بھارت اور افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا ، بھارت سے آخری اوور میں7رنز نہ بن سکے اور پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر افغان اوپنر محمد شہزاد مین آف دی میچ قرار پائے گئے۔

دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے پانچویں میچ میں  افغانستان اور بھارت کا مقابلہ آخری لمحات میں انتہائی دلچسپ موڑ اختیار کرگیا۔ 

افغانستان کی جانب سے دیے گئے 253رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی سورما ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ 

بھارتی بیٹسمین راشد خان کی جانب سے پھینکے گئے آخری اوورمیں7 رنز نہ بنا سکے  اور پوری ٹیم 252رنز پر پویلین لوٹ گئی اور دونوں ٹیموں کے اسکور برابر ہونے کی وجہ سے میچ ٹائی ہوگیا۔

بھارتی ٹیم کے دونوں اوپنرز لوکیش راہول60 اور امباتی رائیودو 57کےساتھ نمایاں رہے تاہم افغان بولرز کی جانب سے محمد نبی، آفتاب عالم، راشد خان کے 2،2شکار اور جاوید احمدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی افغان ٹیم نے اوپنر محمد شہزاد کی شاندار 124رنز کی اننگز کی بدولت افغانستان نے بھارت کو جیت کے لیے 253رنز کا ہدف دیا۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 252رنز اسکور کیے تھے۔

افغان اوپنر محمد شہزاد کی 124رنز کی اننگز میں 11چوکے اور 7 چھکے شامل تھےجبکہ اننگز کے آخری لمحات میں آل رائونڈر محمد نبی نے بھی 4چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے زبردست 64رنز کی اننگز کھیلی اور بھارت کے لیے ایک اچھا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارتی بولرز کی جانب سے رویندرہ جدیجہ 3، کلدیپ یادو 2 تاہم خلیل احمد، دیپک چاہر اور کیدر جادو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے ٹاس کے لئے افغانستان کے کپتان اصغر افغان اور مہندر سنگھ دھونی میدان میں اترے ۔

آج سابق بھارتی کپتان مہندرہ سنگھ دھونی بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے  تھے، وہ 696 دنوں کے بعد بھارتی ٹیم کی کپتان بنے اور بطور کپتان آج ان کا 200واں ایک روزہ میچ تھا۔

بھارت کی پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں اور روہت شرما، شیکھردھون ، جسپریت بمرا، بھونیشورکمار، یزویندرچاہل کو آج کے میچ میں آرام دیا گیا۔

بھارتی پلئنگ الیون مہندرہ سنگھ دھونی کپتان، لوکیش راہول، منیش پانڈے، دیپک چاہر، سدھارت کول، خلیل احمد، امباتی رائیدو، دنیش کارتک، کیدار جادیو، رویندر جدیجا اور کلدیپ یادیو پر مشتمل تھے۔

افغانستان کی فائنل الیون میں محمد شہزاد، جاوید احمدی، رحمت شاہ ،حشمت اللہ شاہدی ،نجیب اللہ زادران، محمد نبی، راشد خان، گلبدین نیب ،مجیب الرحمٰن اور آفتاب عالم شامل تھے ۔

بھارت سپر فور کے دونوں میچز جیت کر پہلے ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ افغانستان کی ٹیم پاکستان اور بنگلادیش سے شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔

ایونٹ میں افغانستان کی کارکردگی نے سب کو متاثر کیا، گروپ میچ میں بنگلادیش اور سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرایا جبکہ پاکستان سے بہت اچھا مقابلہ کیا۔ 

تازہ ترین