• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاور سیکٹر کیلئے35ارب 80کروڑ قرض لینے کی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور سیکٹر کے لیے35ارب 80کروڑ قرض لینے اور پی آئی اے کے لیے 17ارب روپے قرضے سے متعلق حکومتی گارنٹی جاری کرنے کی منظوری دے دی ۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سوئی سدرن موسم سرما میں سندھ اور بلوچستان کے گھریلو صارفین اور ٹیکسٹائل سمیت زیرو ریٹڈ 5 برآمدی صنعتوں کو بلا تعطل گیس فراہم کرے گی ۔

وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پی آئی اے انتظامیہ کو ادارے کا بزنس ماڈل بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ مالی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے اسٹریٹجک پلان وضع کرنے کا حکم دیا گیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان میں ٹیکسٹائل سمیت زیرو ریٹڈ 5 برآمدی شعبوں کے لیے سردیوں میں گیس کی مسلسل فراہمی جاری رہے گی ، کمیٹی نے اس حوالے سے سوئی سدرن کو برآمدی صنعتوں کو گیس کی لوڈشیڈنگ سے متعلق جاری کیے گئے نوٹسز واپس لینے کی ہدایت کر دی ۔

کمیٹی نے پاور سیکٹر کے لیے بینکوں کے کنسورشیم سے35ارب 80کروڑ روپے قرضہ لینے جب کہ پی آئی اے کے لیے 17ارب روپے قرضے کے حصول سے متعلق حکومتی گارنٹی دینے کی منظوری بھی دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خیبر پختونخوا اور سندھ کے2گیس فیلڈز سے سوئی کمپنیوں کو 2کروڑ 20لاکھ مکعب فٹ یومیہ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی ہے ، کمیٹی نے پورٹ قاسم پر نئے ایل این جی ٹرمینلز کی ضروریات سے متعلق بحری امور اور پٹرولیم کی وزارتوں کو مل کر جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ۔

تازہ ترین