• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق و سچ پر مبنی صحافت ہی جمہوریت کی محافظ ہوسکتی ہے، چوہدری الطاف

مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر اور میاں نواز شریف کے قریبی ساتھی چوہدری الطاف نے کہا ہے کہ حق اور سچ پر مبنی صحافت ہی پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی محافظ ہوسکتی ہے لیکن جس طرح موجودہ حکومت پاکستان میں میڈیا اداروں اور صحافیوں کونشانہ بنارہی ہے، اس سے آزادی صحافت اور جمہوریت دونوں ہی خطرے میں نظر آرہی ہیں۔

وہ دبئی میں سینئر صحافی و کالم نگار محمد عرفان صدیقی کی کتاب’ پاکستان سے جاپان تک‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے۔

ن لیگی رہنماکا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے سے اب کتاب پڑھنے کا شوق کم ہوتا جارہا ہے جس سے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔

چوہدری الطاف نے عرفان صدیقی کے تحریر کردہ کالموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز کو بلند کیا، ان کے تحریر کردہ کالموں سے پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ جاپانی حکومت نے بھی صحافت کے شعبے میںان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سرکاری ایوارڈ سے نوازا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کو بھی دبئی آنے پر خوش آمدید کہا۔

چوہدری عبدالغفور خواجہ عبدالوحید پال، ملک دوست محمد اعوان، سہیل گھمن، ملک شہزاد یونس، قدیر احمد صدیقی، عارف منہاس،طاہر مشتاق اور خالد گوندل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

سینئر صحافی عرفان صدیقی نے پروقار تقریب منعقد کرنے پر چوہدری الطاف اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اپنے اوپر ہونے والی زیادتیوں کے باوجود حقوق کے حصول کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔

تازہ ترین