• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریانکا چوپڑا اوران سے دس سال چھوٹے نک جونس کی جوڑی نے حال ہی میں یہ ثابت کیا ہے کہ محبت عمروں کی قید سے آزاد ہوتی ہے بلکہ یوں کہا جائے کہ ان کی جوڑی یہ ثابت کرنے کے درپے ہے کہ محبت عمر ہی نہیں ہر سرحد سے آزاد ہوتی ہے۔محبت کے پنچھی چاہے کسی بھی عمر میں ہوں، اگر محبت ہو جائے تو پھرکچھ نظر نہیں آتا۔ آج ہم ایسے ہی ایک اور جوڑے، ملائکہ اروڑا اور معروف اداکار انیل کپور کے بھتیجےارجن کپور کی بات کررہے ہیں، جن سے متعلق بھارتی میڈیا یہ دعوی کرچکا ہے کہ یہ دونوں اپنے رشتے کو بہت جلد (متوقع طور پر اگلے سال) شادی کے بندھن میں باندھنے والے ہیں اور اس اہم خبر کی تصدیق دونوں اداکاروں کے قریبی ذرائع نے بھی کی ہے ۔تصدیق کے علاوہ ریئلٹی شو ہو یا اٹلی میں چھٹیاں گزارنا، ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور ایک ساتھ کئی مقامات پر ہاتھ میں ہاتھ ڈالےخوش وخرم نظر آچکے ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ دونوں اداکار ایک دوسرے کی قربت میں خوش ہی نہیں، مطمئن بھی ہیں۔

ملائکہ اروڑا کی پہلی شادی

بالی ووڈ میں کپل بننا اور ٹو ٹ جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن اس جوڑے کی خاص بات، جس پر مداح حیرت میں مبتلا ہیں وہ ملائکہ اروڑا کا ارجن کپور سے عمر میں نہ صرف12سال بڑا ہونا بلکہ ایک بچے کی ماں ہونا بھی ہے۔ ملائکہ اروڑا 18سال تک سلمان خان کے بھائی ارباز خان کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہیں۔ دونوں اداکاروں کا تعلق شادی سے بھی 6سال قبل تک کا تھا، جس کے بعدان کی شادی12دسمبر1998ء کو ہوئی۔ 18سالہ ازدواجی زندگی میں کئی اختلافات ہونے کے سبب مارچ 2016ء میںدونوں اداکاروں نے جُدا ہونے کا اعلان کیا اور علیحدہ علیحدہ رہنے لگے لیکن دوماہ بعد خاندانی مسائل کے پیش نظر ارباز اور ملائکہ نے ایک بار پھر ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا لیکن یہ جوڑا نومبر میں ایک بار پھر علیحدگی پر مجبور ہوگیا۔ دسمبر 2016ء میں دونوں نے باندرا (ممبئی )میں واقع فیملی کورٹ میں طلاق کی عرضی دائر کی۔ دونوں اسٹارز دسمبر میں کورٹ میں کاؤنسلنگ کے لئے پہنچے، لیکن دونوں کے درمیان صلح نہیں ہو ئی ۔کچھ عرصہ بعد عدالت نے 11 مئی 2017ء کو دونوں اداکاروں کے درمیان قانونی طور پر علیحدگی کی منظوری دے دی۔ ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کا ایک15سال کا بیٹاارہان ہے، جس کے لیے عدالت نے یہ فیصلہ دیا کہ ارہان طلاق کے بعد اپنی ماں ملائکہ اروڑا کے پاس رہے گا اور ارباز کو بیٹے سے ملنے کی اجازت ہوگی۔

طلاق کی وجوہات

ملائکہ اور ارباز کی راہیں جدا ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا مختلف قسم کی وجوہات بیان کررہا ہے۔ ارجن اور ملائکہ کی ساتھ گزاری گئی چھٹیاں اور شوز میں شرکت سے متعلق ایک طرف بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملائکہ اور ارباز خان کی طلاق کے پیچھے بھی ارجن کپور ہی تھے، جس کے سبب دونوں اداکاروں کے درمیان نوبت طلاق تک پہنچی جب کہ دوسری طرف ارباز خان کی اٹالین ماڈل جارجیا ایندریانی کے ساتھ قربتوں کو بھی طلاق کی وجہ قرار دیاگیا ہے۔ اس دوستی کا اعتراف ارباز خان کی جانب سے بھی طلاق کے بعد کیا جاچکا ہے۔

ارجن کپور اور ملائکہ کا ساتھ

طلاق کے بعد ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کے پاس ایک ساتھ گزارے گئے وقت کو چھپا نے کا کوئی جواز نہیں بچا تھا، چنانچہ ملائکہ جب اپنی 45ویں سالگرہ منانے اٹلی پہنچیںتو ان کی سالگرہ میں ارجن کپور کے علاوہ کرن جوہر نے بھی خاص شرکت کی ۔ اٹلی میں چھٹیاں گزارنے کے بعد دونوں کو ایئرپورٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ ملائکہ اروڑا نے مختلف تصاویر سوشل میڈیا پرمداحوں کے ساتھ شیئر بھی کیں، جو خاصی وائرل ہوئیں۔ ان تصاویر میں دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھومتے نظر آئے،یہی نہیں ٹی وی شوز میں بھی دونوں اداکاروں کی ساتھ شرکت اس بات کی جانب اشارہ کررہی ہے کہ بہت جلد دونوں ایک مضبوط بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی رپورٹ میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ارجن کپور کے والد، پروڈیوسر بونی کپور، اپنے بیٹے کے ملائکہ اروڑا کے ساتھ بڑھتے تعلقات پر خفا ہیں اور انھیں ارجن کا ملائکہ کے ساتھ قائم کیا گیا تعلق پسند نہیں ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین