• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لال، سنہرے، بھورے اور کالے بال، ہالی ووڈ بیوٹی ایما اسٹون کم از کم اپنے بالوں کی حد تک کسی گرگٹ سے کم نہیں۔ بڑی بڑی آنکھوں والی یہ آسکر انعام یافتہ اداکارہ اپنے کرداروں کی طرح اپنے بالوں کے معاملے میں بھی تجربات کرنے سے نہیں گھبراتی، اگر آپ ایما اسٹون کا ہیئراسٹائل اپنانا چاہتی ہیں تو پھر آپ کیوں گھبرائیں؟ چاہے آپ کو نرم و ملائم سیدھے بالوں کا اسٹائل پسند ہو یا پھر آنکھوں کو لُبھانے والے خم دار بال، آپ کو اپنے بالوں کے لیے جو کوئی بھی اسٹائل اپنانا ہو، ایما اسٹون آپ کے لیے زبردست انسپریشن ثابت ہوسکتی ہیں۔ آپ کو اپنے بالوںکو نیا اسٹائل دینے کے لیے کس رنگ اور کس ہیئراسٹائل کا انتخاب کرنا چاہیے، اس حوالے سے ہم آپ کے لیے ایما اسٹون کے لیے چند بہترین ہیئراسٹائل پیش کررہے ہیں۔

لال رنگ کے بال (Red Hair)

بہت ساری خواتین سمجھتی ہیں کہ ایما اسٹون کے بالوں کا قدرتی رنگ لال ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ایما اسٹون کے بالوں کا فطری رنگ سُنہرا ہے۔ بس اسے ایک خوبصورت اتفاق ہی کہیے کہ اس پر لال بال کچھ اس طرح جچتے ہیں کہ فطری معلوم ہوتے ہیں۔ لال رنگ کے بال اپنی انفرادیت کے باعث، ان خواتین اور لڑکیوں کو زیادہ جچیں گے، جن کی رنگت صاف اور نقوش ہلکے ہوں۔ بصورت دیگر بالوں کا یہ رنگ آپ کی شخصیت کو پس منظر میں ڈال دے گا۔ فطرت کے قریب رہنے کے لیے لال رنگ کے ہلکے نارنگی شیڈ کا انتخاب کریں مگر کچھ ہائی لائٹس کے ساتھ۔

سُنہرے رنگ کے بال (Blonde Hair)

ایما اسٹون کے بالوں کا فطری رنگ ہلکا ہے، اس لیے سُنہرے رنگ کا ہر شیڈ اس پر خوب جچتا ہے اور ایما خود بھی موقع محل کے اعتبار سے گولڈ سے لے کر پلاٹینم تک، اس رنگ کے ہر شیڈ کا خود پر تجربہ کرچکی ہے، اور بلاشبہ ، وہ ہر شیڈ میں غضب ڈھاتی ہے۔ اگر آپ کے بالوں کا فطری رنگ یہ نہیں ہے اور آپ اس اسٹائل کو اپنانا چاہتی ہیں تو پلاٹینم یا ’وہائٹ بلونڈ‘ کے بجائے درمیانے شیڈ کا انتخاب کریں، جو کہ ایما اسٹون کا بھی پسندیدہ بلونڈ شیڈ ہے۔ یہ ایک صاف ستھرا اور فطرت کے قریب تر بالوں کا رنگ ہے، جسے پلاٹینم یا کسی بھی اور بلونڈ شیڈ کے مقابلے میں بحال رکھنا آسان ہے۔ یہ اسٹائل کھُلے ہوئے بالوں کے ساتھ زیادہ جچتا ہے، جنھیں اگر آخر کی جانب سے خم دار بنادیا جائے تو آپ کے بال اور بھی زیادہ جاذبِ نظر معلوم ہونگے۔

چھوٹے/باب اسٹائل بال (Short Hair/Bob)

باب کو بالوں کا ’یونیورسل اسٹائل‘ قرار دیا جاتا ہے، جو ہر کسی پر خوب جچتا ہے۔ باب اسٹائل مصروف خواتین کے لیے بہترین انتخاب ہوتا ہے، کیونکہ اس ہیئرکٹ میں بالوں کو روزانہ کی بنیاد پر اسٹائل دینا اور وقتاً فوقتاً کٹواکر بحال رکھنا آسان ہوتا ہے۔ یہ بالوں کی صحت کے لیے بھی بہترین اسٹائل سمجھا جاتا ہے۔ اس اسٹائل کے تحت، بالوں کی کٹائی کچھ اس طرح کروائیں کہ یہ آپ کے کندھے سے کچھ اُوپر رہیں۔

بھورے رنگ کے بال (Brown Hair)

ہلکی رنگت کی خواتین کے لیے گہرے رنگ کے بال لے کر چلنا کافی چیلنجنگ ہوتا ہے، تاہم ایما اسٹون نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر رنگ کے بالوں کو انتہائی اعتماد اور دلکشی کے ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔ ایما کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ، ملٹی شیڈ کا انتخاب کرنے کے بجائے، سارے بالوں پر سیدھا ایک ہی شیڈ(ہلکے سے کچھ گہرا بھورا رنگ) کرتی ہیں اور کچھ حصوں میں انتہائی معمولی سا کاپر کا رنگ چڑھادیتی ہیں۔ بالوں کی فطری خوبصورتی اور چمک کو بحال کرنے کے لیے یہ زبردست شیڈ ہے۔ سادگی اپناتے ہوئے سر کے بیچ کے بالوں کو اسٹائل دیں یا پھر سائیڈ مانگ کے ساتھ کچھ نیا کرنے کی کوشش کریں اور اس کے ساتھ آنکھوں پر اسموکی میک اَپ کرنا نہ بھولیں۔ ایما اسٹون خوب جانتی ہے کہ گزشتہ عشرے کے ہیئراسٹائل کو اپنا کر بھی جدیدیت برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

کالے رنگ کے بال (Black Hair)

اگر آپ کو براؤن سے بھی زیادہ گہرے رنگ کے بال چاہئیںتو پھر آپ کو بالوںکو کالے رنگ سے رنگنے کا تجربہ کرنا چاہیے؟ ایما اسٹون کے بال، کالے رنگ میں گہرے، جاندار اور کاملِ مجسم معلوم ہوتے ہیں۔ کالے رنگ کے بالوں میں ایما اسٹون ایک کیوٹ گرل سے اچانک ایک وضع دار عورت کے روپ میں بدل جاتی ہے۔ ایما اسٹون نے یہ اسٹائل 2016ء کے میٹ گالا میں اپنایا تھا۔ اپنے بالوں کو’بلو ڈرائی‘ کریں، جب تک کہ وہ 75فیصد تک خشک نہ ہوجائیں۔ اس کے بعد چھوٹا گول برش لے کر اپنے بالوں کے سروں کی طرف لہریں بنائیں۔ بالوں کو سروں کی طرف سے سیدھا رکھنے والا (Anti-frizz)اسپرے یا کریم استعمال کریں، تاکہ بال گھنگھریالے نہ ہوجائیں اور ان کی لہریں برقرار رہیں۔پھر ایک طرف کے بالوں کوکانوں کے پیچھے لے جائیں۔

تازہ ترین