• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید ایس پی طاہر داوڑ حیات آباد میں سپرد خاک

اسلام آباد سے اغوا کر کے افغانستان لے جا کر قتل ہو جانے والے ایس پی پشاور طاہر خان داوڑ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کے علاقے حیات آباد قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں اداکی گئی۔ نماز سے قبل پولیس کے دستے نے شہید افسر کی میت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

نماز جنازہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود، شہرام ترکئی اور اجمل وزیر سمیت اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔


افغان حکام اور پاکستانی وفد کے درمیان مذاکرات کے بعد ایس پی طاہرداوڑ کی میت طورخم بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔

پاکستانی وفد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، ایم این اے محسن داوڑ، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، ڈپٹی کمشنرخیبرمحمود اسلم اور پشاور پولیس کے سینئر آفیسر شامل تھے۔

طاہر داوڑ کے مختصر حالات زندگی

ایس پی رورل پشاور طاہر داوڑ 4 دسمبر 1968ء کو شمالی وزیرستان کے گاؤں خدی میں پیدا ہوئے، 1982 ءمیں میٹرک، 1984 ء میں بی اے اور 1989 ء میں پشتو ادب میں ایم اے پاس کیا۔

پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے کے بعد اے ایس آئی کی حیثیت سے پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی اور 1998 میں ایس ایچ او ٹاؤن بنوں، 2002 میں سب انسپکٹر اور 2007 میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پائی۔

2009 سے 2012 تک ایف آئی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا، 2014 میں ڈی ایس پی کرائمز پشاور سرکل اور ڈی ایس پی فقیر آباد رہے۔

طاہر داوڑ نے 23 سال تک پولیس میں خدمات انجام دیں، انہیں قائداعظم پولیس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تازہ ترین