• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالب علم اسمارٹ فون کا استعمال کیسے محدود کرسکتے ہیں؟

آج کل کے ڈیجیٹل دور میں طالب علموں سمیت ہر مرد و زن جنون کی حد تک اسمارٹ فون کی عادت میں مبتلا ہے۔ سڑکوں پر چلتے، کسی کا انتظار کرتے، مسافر گاڑیوں،کاروں، حتیٰ کہ بائیک پر سفر کرتے ہر عمر کے لڑکے اور لڑکیاں آپ کو موبائل پر سرفنگ کرتے نظر آئیں گے، جو کسی بھی طرح دانش مندانہ رویہ نہیں ہے۔ تازہ ترین سروے کے مطابق لوگ دن بھر میں 80 سے 150 بار موبائل سے رجوع کرتے ہیں۔کچھ اس عادت میں اس بری طرح گرفتار ہیں کہ رات بھر ویڈیو گیمز یا چیٹنگ میں مصروف رہتے ہیں۔

طالب علمی کا دور زندگی کا بہت خوبصورت اوربیش قیمت وقت ہوتا ہے، جب آپ اپنے کیریئر کو کامیابی پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم و تربیت کے مراحل سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے میں یہ وقت موبائل کی نذر کردینے سے تاعمر آپ کو یہ ملال ستاتا رہے گا کہ کاش قیمتی وقت یوں برباد نہ کیا ہوتا۔ اسی تاسف سے بچنےکیلئے آئیےاسمارٹ فون کی چکا چوند سےچھٹکارہ پانے کے آزمودہ اصول ملاحظہ کریں۔

موبائل کے استعمال کا ریکارڈ رکھیں

آپ کتنا موبائل استعمال کرتے ہیں اور اس وقت کو کیسے بچایا جاسکتا ہے۔ یہ جائزہ لینے کے لیے SPACE اورMoment جیسی موبائل ایپس بھی متعارف کرائی جاچکی ہیں، جنہیں ڈاؤن لوڈ کرکے آپ پرسنل فون لائف معلوم کرکے اس میں کٹوتی کرسکتے ہیں۔

اسکرولنگ سے گریز کریں

فیس بک، انسٹا گرام اور ٹوئٹر وغیرہ جیسی موبائل ایپس میں اسکرولنگ فنکشن ہوتا ہے،جہاں آپ ختم نہ ہونے والی معلومات کو دیکھتے چلے جاتے ہیں،جس میں خاصا وقت ضائع ہوتا ہے۔ اس لیے صرف ان معلومات تک رسائی حاصل کیجیے، جن کا جاننا آپ کے لیے اشدضروری ہو۔ جیسے آپ کی نصابی کتب کے حوالے سے کوئی فلم، گیم یا کتاب ہے تو اسے ناقدانہ نظر سے دیکھتے چلیں اور باقی آنے والی معلومات کو نظر انداز کردیں، کیوں کہ سوشل میڈیا ایک ایسے دریا کی مانند ہے، جس کا معلوماتی دھارا کبھی رُکتا نہیں۔ اس لیے اسکرولنگ کی عادت ترک کردیں۔

اپنا دماغ پرسکون رکھیں

جب ہم فیس بک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پر کوئی نوٹیفکیشن دیکھتے ہیں تو ہمارے دماغ سے تفریحی احساس کو شہ دینے والےکیمیائی مادے ڈوپامین کی لہریں نکلتی ہیں، جو ہمیں اس بات پر مائل کرتی ہیں کہ دیکھیں تو سہی کہ آخر ہمارے لیے کیا پیغام پوشیدہ ہے۔ یہی وہ پرجوش اور جذباتی لمحہ ہوتا ہے جب ہم کسی عادت میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اگر ہم اس کیفیت پر قابو پاتے ہوئے ذہن کو پرسکون رہنے دیں تو کبھی کسی بُری عادت میں مبتلا نہیں ہوں گے۔ ڈوپا مائن کو فطری انداز میںمراقبے، یوگا، ورزش اور دیگر ذہنی مشقوں سےریلیز کیا جاسکتا ہے۔

موبائل ایپس کا فزیکل ورژن استعمال کریں

آپ کے اسمارٹ فون نے تقریباً کئی چیزوں کی ایک ساتھ دستیابی کو ممکن بنا دیا ہے، جس میں کیلکولیٹر، کیلنڈر، کیمرہ، نوٹ بک، الارم گھڑیاں اور بہت سی دوسری چیزیں استعمال کرنے کی سہولتیں موجود ہیں۔ موسم کا حال جاننا ہو تو وہ بھی فوری دستیاب ہوتا ہے۔ یہ ساری ایپس آٹو میٹک ہیں لیکن آپ جب بھی کوئی الارم کلاک سیٹ کریں یا نوٹ بک استعمال کریں تو ان میں آٹو میٹک سسٹم کو بند کرکے مینوئل پر آئیں اور خود لکھیں تاکہ آپ دیگر مصروفیات میں لکھنے کی صلاحیت سے محروم نہ ہوں۔ ڈیجیٹل ورژن کے بجائے کاغذ قلم سے لکھنے کی عادت ڈالیں تاکہ فوری طور پر معلومات تک رسائی کا جنون کم ہو،کیوں کہ جس تیزی سے ہم معلومات دیکھتے ہیں،اسی تیزی کے ساتھ بھلا بھی دیتے ہیں۔ کتابیں پڑھیں کیونکہ وہ آپ کو اس بےچینی میں مبتلا نہیں کریں گی جو ای بکس پڑھتے وقت ہوتی ہے کہ چلوفلاں چیز بھی دیکھ لیں۔ یوں ایک بات بھی دل جمعی سے یاد نہیں رہتی اور ہمارا قیمتی وقت لاحاصل جزئیات میں جانے سے ضائع ہوجاتاہے۔

اپنے دوستوں سے مدد حاصل کریں

کسی بھی بُری عادت کو چھوڑنے میں پہلےقدم پر ہم سب کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں سب سے پہلے تو یہ تسلیم کیجیے کہ آپ ہر وقت فون استعمال کرنے کی بری عادت میں مبتلا ہیں، اس کے بعد ہی اصلاح کی صورت نکلے گی۔ اس کے لیے آپ اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ سے بھی تھوڑی مدد لے سکتے ہیں کہ وہ آپ کو ٹوکیں اور روکیں کہ کتنا وقت موبائل پر گزارتے ہو۔ یہ تنقید آپ کو اس عادت سے بچانے میں معاون ہوگی۔

نوٹیفیکیشن آف کردیں

موبائل فون لوگوں سے رابطے کا آسان ذریعہ ہیں، اس لیے اپنے موبائل سے غیر متعلقہ لوگوں کے نوٹیفکیشن اور ایپس ہٹا دیں کیوں کہ آپ کےکسی بھی دوست یا خاندان کے فرد کو آپ کے وقت کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ یہ نہ ہو کہ احباب کو چھوڑ چھاڑ کر آپ اپنے موبائل میں لگے رہیں۔اس طرح آپ اپنی اہمیت کھوبیٹھیں گے۔

فون بلیک اینڈ وائٹ میں تبدیل کریں

ریسرچ سے پتہ چلتا ہے کہ رنگ جذبات اور ترجیحات سے منسلک ہوتے ہیں۔ خاص طور پرچمکتے ہوئے چھوٹے سرخ نوٹیفکیشن ہماری توجہ فوری طور پر حاصل کرتے ہیں، اس لیے آپ اس جستجو کو ختم کرنے کے لیے اپنے موبائل کی لائٹ کم کریں اور نوٹیفکیشن کو سفید و سیاہ، سرمئی، خاکستری اور پھیکے رنگوں میں تبدیل کریں تاکہ آپ کی توجہ اس طرف مبذول نہ ہو۔

تازہ ترین