• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باربی کیو: چکناہٹ کے بغیر لذت اور ذائقے سے بھرپور

باربی کیو گوشت پکانے اور اس کو مزےدار بنانے کا مقبول طریقہ ہے۔ سارا سال باربی کیو پارٹیز کا انعقاد ہوتا ہے لیکن سرد یاں آتے ہی باربی کیو کا رواج بڑھ جاتا ہے۔باربی کیو کا اپنا ہی ایک مزہ ہے۔ نا صرف مزہ بلکہ باربی کیو بنانا بھی ایک تفریح سے کم نہیں ہوتا۔جب بھی اچھا کھانے کا دل ہو، دوستوں اورفیملی کی تقریبات میں رات کے وقت باربی کیو سب سے بہتر انتخاب سمجھا جاتا ہے۔اس کی خوشبو بھوک میںاضافہ کرتی ہے۔ باربی کیو سےگوشت میں موجود چکناہٹ کم ہو جاتی ہے۔ساتھ ہی لذت اور ذائقہ بھی بڑھ جاتا ہے۔موسم کی مناسبت سے باربی کیو کی چند تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

باربی کیو چکن مصالحہ

اجزاء۔

چکن۔ ایک کلو

دہی ۔چار کھانے کے چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ تین کھانے کے چمچ

بیسن۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری الائچی۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

:مصالحہ بنانے کے لئے

تیل ۔آدھا کپ

پیاز۔ چار کھانے کے چمچ (باریک کٹی ہوئی)

ادرک ۔ایک کھانے کا چمچ (کٹی ہوئی)

لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ (کٹا ہوا)

ٹماٹر ۔دو عدد (بلینڈ کیے ہوئے)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)

دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

ہری مرچ۔ چار عدد (باریک کٹی ہوئی)

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ

قصوری میتھی۔ ایک چائے کا چمچ

پیاز۔ ایک عدد (کٹی اور اسٹرپس)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (جولین)

ٹماٹر۔ ایک عدد (جولین)

ترکیب۔

ایک پیالے میں چکن کے ٹکڑے، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، زیرہ، پسی لال مرچ، نمک، لیموں کا رس، بیسن اور پسی ہری الائچی کو اچھی طرح مکس کر لیں۔

اب چکن کو میری نیٹ کرنے کے لیے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

پھر انھیں اسکیورز پر لگاکر باربی کیو یا بیک کر لیں۔

اس کے بعد کوئلے کا دم دے کر ایک طرف رکھ دیں۔

مصالحہ بنانے کے لیے:تیل گرم کرکے پیاز، ادرک اور لہسن ڈالیں اور پانچ منٹ کے لیے فرائی کر لیں۔

اب اس میں ٹماٹر شامل کرکے اچھی طرح فرائی کر لیں۔

پھر نمک، لال مرچ، دھنیا، ہری مرچ اور ہرا دھنیا شامل کریں۔

اس کے بعدقصوری میتھی ڈالیں۔

اب باربی کیو چکن شامل کرکے پانچ منٹ کے لیے بھون لیں۔

پھر ڈھک کر پیاز، شملہ مرچ اور ٹماٹر ڈال کر دم دیں۔

مکس کرکے نکال لیں۔

باربی کیو فوائل چانپیں

اجزاء۔

بکرے کی چانپیں۔2/1 کلو

ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا)۔4/1 گڈی

پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ۔ایک کھانےکا چمچ

پسا ہوا لہسن، ادرک۔2 کھانے کے چمچ

پسا ہوا کچا پپیتا۔3 کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔3 کھانے کے چمچے

سلاد پتے، ٹماٹر، پیاز، کھیرا، لیموں ۔ سجانے کے لئے

ترکیب۔

چانپوں پر پپیتا اور نمک لگا کر 15 منٹ کے لئے رکھ دیں۔ اس میں باقی تمام اجزاء ملائیں۔ المونیم فوائل کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ رکھ کر اسے لپیٹ لیں۔ انگیٹھی پر کوئلے گرم کریں، اس کے اوپر جالی رکھیں اور جالی کے اوپر چانپیں رکھ دیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد انہیں پلٹتے رہیں۔15منٹ بعد چانپ کو کھول کر دیکھیں۔ اگر وہ اچھی طرح سے گل گئی ہو تو باقی چانپیں اتار لیں۔ بصورت دیگر، انہیں مزید 5 منٹ تک پکائیں۔ مزیدار چانپیں سلاد پتے، ٹماٹر،کھیرے، پیاز اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔

چکن باربی کیوپزا

اجزاء۔

میدہ۔2کپ

خمیر۔1/2۔1چائے کاچمچ

چینی ۔1چائے کا چمچ

نمک۔1/2چائے کا چمچ

تیل۔3کھانے کے چمچ

انڈہ ۔1عدد

خشک دودھ۔1کھانے کا چمچ

نیم گرم پانی ۔ڈو بنانے کے لیے

فلنگ کے اجزاء۔

چکن تکہ چنکس۔1کپ

پزا سوس ۔4کھانے کے چمچ

مشروم سلائس۔4عدد

زیتوں سلائس ۔4 عدد

کُٹی لال مرچ ۔1/2چائے کا چمچ

شملہ مرچ سلائس ۔4کھانے کے چمچ

پیاز سلائس ۔2کھانے کے چمچ

اوریگانولیوز۔1کھانے کا چمچ

کدوکش چیڈر چیز۔3/4کپ

کدوکش موزریلا چیز۔3/4کپ

ترکیب۔

ڈو بنانے کے لیے ایک پیالے میں 2کپ میدہ ، 1-1/2چائے کا چمچ خمیر ، 1چائے کا چمچ چینی ، 1/2چائے کا چمچ نمک ، 3کھانے کے چمچ تیل ، 1عددانڈا ، 1کھانے کا چمچ خشک دودھ اور نیم گرم پانی ڈال کر ڈو کو نرم گوند ھیں اور 2منٹ کے لئےپٹخیں ۔

اب ڈو کو رول کریں ۔ اس کی موٹائی8/1انچ ہونی چاہیے ۔

پھر ایک گریس کیے ہوئےپز ا پلیٹ پر ڈو کو بچھا ئیں اور اس میں کانٹے کی مدد سے سوراخ کرلیں ۔

اب اسے 200cپر 7سے 8منٹ بیک کریں اور اوون سے نکال کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں ۔

پھر اس میں 4کھانے کے چمچ پزاسوس ، 4/3پ کدوکس چیڈر چیز شامل کر دیں ۔

اس کے بعد 1کپ چکن تکہ چنکس ، 4عدم مشروم سلائس ، 4عدد زیتوں کے سلائس ، 1/2چائے کا چمچ کُٹی لال مرچ ، 4کھانے کے چمچ شملہ مرچ سلائس ، 2کھانے کے چمچ پیاز سلائس ، 1کھانے کا چمچ اوریگانولیوز اور 3/4کپ کدوکش موزریلا چیز ڈال کر 200cپر20منٹ کے لیے بیک کرلیں ۔

سالم مچھلی باربی کیو

اجزاء۔

سالم مچھلی۔ دو سے ڈھائی کلو

سفید سرکہ۔ آدھا کپ

ادرک پیسٹ۔ دوکھانے کے چمچ

لہسن پیسٹ۔ دوکھانے کے چمچ

مسٹرڈ پیسٹ۔ دوکھانے کے چمچ

پیپریکا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

سویا سوس ۔دو کھانےکے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ہری مرچ۔ پیسٹ تین کھانے کے چمچ

تیل ۔آدھا کپ

ہری مرچ۔ دو عدد

فریش بیزل۔ چھ سے آٹھ عدد

شملہ مرچ۔ ایک عدد

پیاز ۔ایک عدد

ٹماٹر۔ دو عدد

بیزل کے پتے۔ تین سے چار عدد

ترکیب۔

ایک باؤل میں سفید سرکہ،ادرک لہسن پیسٹ، مسٹرڈ پیسٹ،پیپریکا پاؤڈر،سویا سوس،ہری مرچ پیسٹ،نمک اور تیل اچھی طرح مکس کریں۔

ہری مرچ کو لمبائی میں کاٹ کے بیج نکال دیں۔

شملہ مرچ،ٹماٹر اور پیاز کو درمیانہ سائز میں کاٹ لیں۔ایک باؤل میں سبزیاں ڈال لیں اور تھوڑا سا مکس مصالحہ ان میں ڈال کے مکس کریں۔

مچھلی کو دونوں طرف تر چھے کٹ لگائیں اور مصالحہ اوپر لگائیں۔

اب مچھلی کو فوائل میں رکھیں جو مصالحہ بچ گیا ہو وہ بھی اوپر ڈال دیں۔

مچھلی کے اوپر اور نیچے سبزیاں رکھ دیں اور اسے اچھی طرح فوائل میں لپیٹ دیں۔

اب اس کو گرل پر دس سے پندرہ منٹ کیلئے رکھ دیں۔

جب مچھلی اسی فیصد پک جائے تو فوائل کو کھول کر اس میں بیزل کے پتے ڈال کر دوبارہ بند کرلیں اور دو منٹ تک پکائیں۔

پلیٹر کو سلاد کے پتے، لیموں،کھیرا اور ٹماٹر سے سجائیں سالم مچھلی رکھ کے پیش کریں۔

اوون میں بنانے کیلئے200ڈگری سینٹی گریڈہیٹ پر بیک کرلیں۔

باربی کیو بیف چلی

اجزاء۔

انڈر کٹ ۔آدھا کلو (بوٹی)

سفید سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

باربی کیو سوس۔ دوکھانے کے چمچ

ہری مرچ ۔دس عدد (لمبی باریک کٹی ہوئی)

تیل۔ حسب ضرورت

تل کا تیل۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

پہلے انڈر کٹ بوٹی کو اچھی طرح دھو کر ایک کھانے کا چمچ سفید سرکہ، ایک کھانے کا چمچ سویا سوس، نمک، چینی، کارن فلور، کالی مرچ اور باربی کیو سوس ملا کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔

اب فرائنگ پین میں ذرا سی چکنائی لگا کر مصالحہ لگی بوٹیاں الگ الگ کرکے رکھیں اور ان کا اپنا پانی خشک کرلیں۔

پھر گرل پین گرم کرکے اس پر بھی ذرا سی چکنائی لگا کر خشک کی ہوئی بوٹیاں پھیلا کر رکھ لیں۔

دونوں اطراف سے سینک کر انہیں سرونگ ڈش میںنکال لیں۔

اب فرائنگ پین میں ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کرکے ہری مرچ، سویا سوس، سفید سرکہ اور نمک ڈال کر فرائی کریں۔

پھر تیار بوٹیوں پر ڈال دیں۔

ساتھ ہی تل کا تیل ڈال کر گرم گرم سرو کریں۔

باربی کیو شنواری تکہ

اجزاء۔

چکن ڈرم اسٹکس۔ بارہ عدد

کچری پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

لہسن کا پیسٹ ۔ ایک چائے کا چمچ

بھنا کٹا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل ۔فرائی کے لیے

نمک ۔ حسب ذوق

تازہ لیموں کا رس ۔ ایک چوتھائی کپ

کوئلہ ۔ ایک عدد

پراٹھے ۔ سرونگ کے لیے

سلاد ۔ سرونگ کے لیے

رائتہ ۔

سرونگ کے لیے

ترکیب۔

چکن ڈرم اسٹکس کو نمک، میٹ ٹینڈر رائزر اور لہسن کا پیسٹ لگا کر ایک گھنٹہ میری نیٹ کریں۔

اب ان چکن ڈرم اسٹکس کو 8 سے10 منٹ تک اسٹیم کر کے ٹھنڈا کرلیں۔

اس کے بعد گرم تیل میں ڈیپ فرائی کریں،یہاں تک کہ گولڈن براؤن ہو جائیں۔

ایک برتن میں ڈرم اسٹکس رکھیں۔

پھر اس کے بیچ میں گرم کوئلہ رکھیں اور تیل ڈال کر تھوڑی دیر ڈھک دیں، تاکہ باربی کیو کا دھواں آجائے۔

کوئلے کو ہٹائیں۔اوپر سے کٹی کالی مرچ،بھنا کٹا زیرہ اور لیموں کا رس چھڑک دیں۔

پراٹھا، چپاتی یا کلچے کے ساتھ سرو کریں۔

تازہ ترین