• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد عمر کا ایف بی آر قوانین اردو میں کئے جانے کا اشارہ

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نےفیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے قوانین اردو میں کئے جانے کا اشارہ دے دیا۔

اسلام آباد میں ایف بی آر کی تقریب سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ ٹیکس نظام سے حکومتی امور چلتے ہیں،ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ہے جبکہ پاکستان میں چند لوگ ہیں جو انگلش جانتے ہیں لیکن ایف بی آر کے تمام قوانین انگلش میں لکھے جاتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں گاڑیوں سے اترنے والے لوگوں کو دیکھ لیں اور ان کے ٹیکس ریٹرنز دیکھ لیں تو تفصیلات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ جو چوری کر رہا ہے اسے چھپنے کی جگہ نہیں ہونی چاہیے، برے لوگوں کو پکڑیں،خود بخود ٹیکس نہ دینے والے لوگوں کو پیغام پہنچ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب ترین انسان بھی ٹیکس دیتا ہے،عوام کا حق ہے کہ ٹیکس کا پیسا ان کی فلاح کے لیے استعمال ہو۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس کا پیسا سوئٹزرلینڈ کے بینکوں میں رکھنے اور لندن میں جائیداد بنانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی نظر آنے میں تھوڑا وقت لگے گا، دنیا کو پاکستان میں تبدیلی نظر آنا شروع ہوگئی ہے،دنیا کو نظر آرہا ہے کہ پاکستان ایسا ملک بن رہا ہے جہاں کاروبار کرنا آسان ہوگا۔

تازہ ترین