• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرانے کیبل ٹی وی لائسنس شروع کرنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پیمرا اتھارٹی کا115واں اجلاس پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتھارٹی نے کیبل ٹی وی کے فروغ کے لیے لوپ ہولڈرز پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے لائسنسنگ کے عمل کو شروع کرنے کی اجازت دے دی۔ اس فیصلے کے بعد کیبل ٹی وی کی سہولت ملک کے دور دراز علاقوں میں باہم پہنچانے میں مدد ملے گی اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو با عزت روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔  مزید براں ملک میں کیبل ٹی وی کی ڈیجیٹلائزیشن کو مزید فروغ ملے گا۔اتھارٹی نے آئی پی ٹی وی(IPTV) لا ئسنسنگ کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ پالیسی کے تحتIPTV لائسنسنگ کے لیے ملک کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع بہم پہنچائے جاسکیں۔ اس فیصلے سے دور افتادہ علاقوں خصوصاً بلوچستان میں جدید سہولیات کو متعارف کروایا جا سکے گا ۔پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشن 27 کے تحت جرائم کی تمثیل کاری سے متعلقہ پروگراموں پر پابندی سے متعلق جاری شدہ ہدایات اور اس سلسلہ میں ہونے والی پیش رفت سے اتھارٹی کو آگاہ کیا گیا اور اتھارٹی نے عملدرآمد کو سراہتے ہوئے تمام امور کی توثیق کر دی۔ اتھارٹی نے میسرز فار چو ن مارکیٹنگ پرائیویٹ لمٹیڈ کے چینل "دن نیوز" کی بقایا جات کی اقساط میں ادائیگی کی منظور ی دی۔اتھارٹی نے میسرز انٹرنیشنل مارکیٹنگ اور ٹریڈنگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ "ہوپ ٹی وی" کے لائسنس کی میسرز نیشنل کمیونیکیشن سروس (ایس ایم سی پرائیویٹ) لمیٹڈ کو منتقلی کی اجازت دے دی جبکہ اتھارٹی نے میسرز سپورٹس سٹار انٹرنیشنل پرائیویٹ (اے ٹی وی ) کے  پرو گرامنگ مکس میں تبدیلی کی بھی منظو ر ی دے دی ۔ مزید برآں اتھارٹی نے میسرز منتہاء نور سچل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ (سچ ٹی وی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکی تبدیلی اور حصص کی منتقلی کی بھی اجازت دی۔اتھارٹی نے میسرز ویژن نیٹ ورک ٹیلی وژن لمیٹڈ "جاگ ٹی وی" میں نئے ڈائریکٹرز کی شمولیت اور شیئر ہولڈنگ میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔اتھارٹی نے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور یو نیو رسٹی آف سوات کی درخواست پر نان کمرشل ایف ایم ریڈ یو سٹیشنز کی لوکیشن میں تبدیلی اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی آف کرک کے نان کمرشل ایف ایم لائسنس کے اجراء کی بھی منظوری دے دی۔اتھارٹی نے پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 13 کے تحت چیئرمین پیمرا کو کونسل آف کمپلینٹس کی تمام سفارشات کو فوری منظوری کے اختیا را ت تفویض کر دیئے تاکہ کونسل کے تمام فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور ادارے کی رٹ کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔ چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے اتھارٹی کومالی سال  2015-16 کے ریونیوٹارگٹ کے حصول کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور تمام سٹاف اور افسران کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کے لیےریوارڈز کی بھی تجویز دی۔چیئرمین پیمرا نے پبلک سروس میسیج اور غیر قانونی ڈی ٹی ایچ  سے متعلق پالیسیوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور اِن پر عملدرآمد عید کے فوری بعد کروانے کا بھی عندیہ دیا۔چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات عمران گردیزی ، سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین ایف۔ بی۔ آر نثار محمد خان، شاہین حبیب اﷲ(ممبر خیبرپختونخوا)اور نرگس ناصر (ممبر پنجاب) نے شرکت کی۔
تازہ ترین