• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ نے میڈیا میں شائستگی کوفروغ دیاجس پر آپ مبارکبادکے مستحق ہیں،بزرگ شعرائے کرام کا میزبان کو خراج تحسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک رمضان کے ایک اور مقبول پروگرام ’’شاعر آن لائن‘‘کا سیمی فائنل مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اب فائنل مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، فائنل سے قبل نشریات کے بائیسویں روز ملک کے ممتاز شعرائے کرام نے اپنا کلام سناکر ناظرین کو محظوظ کیا اور میز بان اور حاضرین کی جانب سے واہ واہ کی صداؤں سے مشاعرے کی فضا قائم ہوگئی ،جن شعرائے کرام نے اس موقع پر اپناکلام پڑھ کر میزبان اور حاضرین کی داد حاصل کی اُن میںروزنامہ جنگ میں اپنے قطعات سے شہرت حاصل کرنے والے نامور شاعر انور شعور ،گزشتہ ساٹھ برس سے بطور شاعر اور نقاد شہرت حاصل کرنے والے جاذب قریشی اور جامعہ کراچی میں شعبہ اردو کے سابق صدر اور معروف ادبی شخصیت پروفیسر سحر انصاری شامل تھے جن کے کلام کو بے حد پسند کیا گیا۔شعرائے کرام نے میڈیا کی سب سے بڑی رمضان نشریات کا حصہ بنانے پر میزبان کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ اردو زبان کی بھی خدمت کررہے ہیں ،آپ کی ادائیگی الفاظ اور تلفظ بہت اچھااور تمام اینکرز کے لیے ایک مثال ہے۔ اس موقع پر پروفیسر سحر انصاری نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی علمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا تعلق ایک بہت علمی و ادبی گھرانے سے ہے اور مجھے آپ کی والدہ محترمہ محمودہ سلطانہ مرحومہ سے ملنے کا شرف بھی حاصل ہوا ہے ، آپ نے میڈیا میں شائستگی اور تہذیب کو فروغ دیا ،  جس پرآپ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس موقع پر بزرگ شعرائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اتنے بڑے شعرائے کرام پاک رمضان کا حصہ بنے جس پر میں اُن کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ 
تازہ ترین