• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک رمضان میں محنت کش طبقے کی عزت افزائی،۸سالہ بچے کی میزبان سے ملنے کی خواہش پوری ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک میںزندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے ۔اس سلسلے میں پاک رمضان کے بائیسویں روز انہوں نے گھرگھرجاکر صفائی ستھرائی کا کام کرنے والی اُن گھریلو ملازماؤں ،چو کید ار ،پوسٹ مین اور مزدور طبقے کو مدعو کیا جنہیں معاشرے میں آج تک اُن کا جائزمقام نہیں مل سکا۔ ڈاکٹر عامرحسین سے گفتگوکے دوران عمر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی غریب طبقے نے اُن مشکلات سے ناظرین کو آگاہ کیا جو دورانِ ملازمت انہیں پیش آتی ہیں۔محنت کش طبقے کی عزت افزائی کرتے ہوئے میزبان نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ قول مبارک ارشاد فرماکر محنت کش طبقے کی شان بڑھائی ہے کہ محنت کرکے رزق حلال کمانے والے اللہ کے دوست ہیں۔ آپ خود بھی اپنے کام اپنے دست مبارک سے انجام کیا کرتے تھے اور امت کو بھی محنت کرکے رزق حلال کمانے کی تاکید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ مرحومہ کہا کرتی تھیں کہ گھریلو ملازمہ کو ماسی نہیں خالہ کہا کرواور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا کرو لیکن آج معاشر ے میں ہم دیکھتے ہیں کہ ان گھریلو ملازمائوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا ۔ اس دوران نشریات کا حصہ بننے والے محنت کشوں میں ۷۰ سالہ چوکیدار خان محمد، پوسٹ مین سید منصور حسین اور گھریلو ملازمہ مینا اور مہرین شامل تھے ۔ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے محنت کش طبقے سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں تحائف پیش کیے۔ اسی اثناء میں کینسر میں مبتلا آٹھ سالہ بچہ فصاحت یوسف بھی اپنے والدین کے ہمراہ نشریات کا حصہ بنا جس کی خواہش تھی کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ملاقات کرے اور گزشتہ روز پاک رمضان میں اس کی اس خواہش کی تکمیل کی گئی ۔ گفتگو کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بچے کو گود میں اٹھالیا اور بچے نے تھوڑی دیر کے لیے میزبان کی طرح نشریات کی میزبانی بھی کی جس سے نا ظر ین بے حد محظوظ ہوئے ۔
تازہ ترین