• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو جوہری سپلائرز گروپ میں شامل کرانے کیلئے پرعزم ہیں، امریکا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) امریکا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کو جوہری سپلائرز گروپ میں رکنیت ضرور دلوائی جائے گی اور ساتھ ہی اس افسوس کا اظہار بھی کیا ہے کہ امریکا گزشتہ ہفتے سیول میں ہونے والے گروپ کے اجلاس میں بھارت کو رکنیت دلوانے میں ناکام رہا۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکا کے سینئر سفیر تھامس شینون کا کہنا تھا کہا ایشیا پیسفک ریجن میں بھارت ’’استحکام کا لنگر‘‘ ہے اور چین جو کچھ بھی جنوبی چینی سمندر میں کر رہا ہے وہ پاگل پن ہے، امریکا چاہتا ہے کہ بھارت بحر ہند میں اہم کردار ادا کرے۔ فارن سروس انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ سیشن میں ٹام شینون نے کہا کہ چین امریکا کیلئے بڑا چیلنج ہے اور امریکا بھارت کے ساتھ مل کر چاہتا ہے کہ بحیرہ عرب میں بھارت کی مضبوط اور جامع انداز سے موجودگی ہو۔ جوہری عدم پھیلائو کے حوالے سے بھارت کو ذمہ دار اور اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے تھامس شینون نے کہا کہ ہم بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت دلوا کر رہیں گے۔ نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں چین کی مخالفت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے چلنے والی تنظیم میں ایک ملک کی مخالفت سے اتفاق کو نقصان ہوتا ہے اور اس طرح کی مخالفت کرنے والے ملک کا احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اوباما انتظامیہ کا دور حکومت ختم ہونے سے قبل ہی بھارت پیرس میں ماحولیات کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی توثیق کر لے اور امید ہے کہ بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں رکنیت بھی مل جائے گی۔
تازہ ترین