• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صادق خان نے ملازمتوں کے تحفظ کیلئے ڈپٹی میئر مقرر کردیا

لندن (جنگ نیوز)میئر صادق خان نے برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی کے دوران ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی میئر کی تقرری کردی۔ لندن کے میئر نے گزشتہ روز بزنس کے لئے اپنے ڈپٹی میئر کی حیثیت سے راجیش اگروال کی تقرری کی ہے۔ صادق خان نے راجیش اگروال کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ ای یو ریفرنڈم کے بعد لندن کے مفادات کو محفوظ بنائیں اور جب مذاکرات کا عمل شروع ہو تو ملازمتوں کو تحفظ اور گروتھ برقرار رکھی جائے۔ میئر برطانیہ اور لندن کے لئے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ یورپین سنگل مارکیٹ کا حصہ رہنا چاہیئے اور دارالحکومت کو اپنے بزنس مفادات کے تحفظ کے لئے مزید خود مختاری دی جائے۔ اس میں سکلز، انفرا اسٹرکچر، ہائوسنگ اور پلاننگ پر بھرپور اختیارات شامل ہیں۔ راجیش اگروال ایک فن ٹیک انٹرپرینور اور انوویٹر ہونے کے علاوہ ایک انٹرنیشنل منی ٹرانسفر سروس زینڈپے کے بانی و سی ای او اور ایک آن لائن فارن ایکسچینج سروس ریشنل ایف ایکس کے سربراہ ہیں۔ ان کی دونوں فرمس عالی سطح پر کامیاب بزنسز کررہی ہیں۔ اندور، بھارت میں پیدا اور پروان چڑھنے والے راجیش 2001ء میں لندن آئے اور دو افراد پر مبنی انٹرپرائز سے کام کا آغاز کیا جس کا ایک چھوٹا سے دفتر تھا۔ ان کا بزنس اب ملٹی ملین پونڈز کا بزنس کررہا ہے جوکہ لندن میں قائم ہے اور برمنگھم، فرانس اور سپین میں اس کے دفاتر ہیں۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عزم کررکھا ہے کہ وہ لندن کے اب تک کے سب سے زیادہ بزنس فرینڈلی میئر ہوں اور اب یہ انتہائی ضروری ہوگیا ہے کہ موجودہ بے یقینی سے اپنی معیشت کو تحفظ دینے کے لئے ہم سٹی ہال سے انتہائی قوت کے ساتھ کام کریں۔
تازہ ترین