• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈے کھائیں لیکن سفید اور برائون کا فرق جان کر

جب کھانے کی بات آتی ہے تو یہی سنہری اصول ہے کہ ’برائون‘ بہتر ہے جیسے برائون بریڈ، وہیٹ پاستا، وہیٹ کریکرز، برائون شکر یہ تمام وہ چیزیں ہیں جن کا شمار صحت مند غذائوں میں ہوتا ہے جبکہ ان ہی تمام چیزوں کا سفید رنگ میں ہونا انسانی جسم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے جن میں وائٹ بریڈ، وائٹ پاستا، سفید شکر اور سفید آٹا وغیرہ شامل ہے۔

بلکل ایسا ہی کچھ معاملہ سفید اور برائون (جنہیں دیسی انڈے کہا جاتا ہے) انڈوں کے ساتھ ہے۔ لوگ آج تک اس بات کا جواب حاصل نہیں کر پائے ہیں کہ سفید انڈے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں یا دیسی انڈے؟ کچھ کا یہ ماننا ہے کہ دیسی انڈےسفید انڈوں کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش ہوتے ہیں جبکہ تحقیق کا کہنا ہے کہ دونوں انڈوں میں صرف اتنا فرق ہے کہ دیسی انڈے سفید انڈوں کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق دونوں انڈوں کی غذائیت، پروفائل اور معیار میں کوئی فرق نہیں ہے ایسی تمام باتیں محض افواہیں ہیں۔

سفید اور دیسی انڈے میں فرق:

امریکی یونیورسٹی کے ماہرین ’ٹرو وی بوئی‘ کا کہنا ہے کہ دیسی اور سفید انڈوں میں غذائیت کے اعتبار سے کوئی فرق نہیں ہے تاہم دیسی انڈوں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ سفید انڈوں میں کم ہےلیکن یہ کوئی بڑا فرق نہیں ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سفید اور ہلکے رنگ کے پروں والی مرغیاں سفید انڈے دیتی ہیں جبکہ برائون اور گہرے رنگ کے پروں والی مرغیاں برائوں یا دیسی انڈے دیتی ہیں۔ سفید مرغی یا سفید انڈوں کا استعمال گھروں میں عام ہے کیونکہ مارکیٹ میں سفیدمرغی یا  انڈے زیادہ وافر مقدار میں میسر ہیں اوردیسی انڈے کہیں کہیں نظر آتے ہیں۔ اس کی جو وجہ سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ سفید مرغیوں کو پالنا اور ان کی افزائش نسل آسان ہے بنسبت دیسی مرغیوں کے۔

دیسی مرغیاں مہنگی اس لیے ہوتی ہیں کیونکہ یہ انہیں زیادہ بھوک لگتی ہے اور یہ زیادہ کھانے کے باعث سائز میں سفید مرغیوں سے بڑی ہوتی ہیں اور اسی لیے ان کو پالنا اور ان کی افزائش نسل مشکل ہوتا ہے۔

دیسی اور سفید انڈوں پر کثیر تحقیق کے بعد ڈاکٹر ’گرگی شرما‘ کا خیال ہے کہ دیسی انڈے سفید انڈوں کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش ہوتے ہیں۔ جو افراد اپنی صحت کے معاملے میں حساس نظر آتے ہیں وہ دیسی انڈوں کا استعمال کرتے ہیں کیونکہ ان میں پروٹین کا ذخیرہ ہے، یہ کولیسٹرول کو نہیں بڑھنے دیتے اور کیلوریز میں بھی کم ہیں۔

دیسی اور سفید انڈوں کا ذائقہ کیوں مختلف ہوتا ہے؟

ماہرین سے سوال کیا گیا کہ دیسی اور سفید انڈوں کا ذائقہ کیوں مختلف ہوتا ہےتو انہوں نے بتایا کہ ان دونوں انڈوں میں صرف ذائقوں کا ہی فرق ہے جبکہ ان کی غذائیت اور دیگر خصوصیات یکساں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں رنگوں کی مرغیوں کی پرورش الگ الگ انداز سے ہوتی ہے اور یہی ان کے انڈوں کے ذائقوں میں تبدیلی کا سبب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد ناشتے میں روزانہ انڈا لیتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ صحت مند مرغی کا انڈا کھانے پر زیادہ دھیان دیں، انڈے کے رنگ کی پرواہ کیے بغیر۔

تازہ ترین