• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی نئی حکومت کا مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھانے پر جموں کشمیر محاذآزادی کا اظہار اطمینان

کراچی(جاوید رشید)جموں کشمیر محاذ آزادی نے پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھانے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔جموں کشمیر محاذآزادی کی مرکزی شوریٰ کا ایک غیر معمولی اجلاس محاذ کے صدر محمد اقبال میر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں نائب صدر صدر قطب عالم ،جنرل سیکریٹری جمشید عادل،سیکریٹری ارشاد حسین ،ڈاکٹر علی محمد وانی،نذیر احمد ،منظور احمد بٹ، اور شبیر احمد کے علاوہ تمام مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔جموں کشمیر کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے بھارتی فوج کے محاصروں ،تلاشیوں ،گرفتاریوں اور شناختی پریڈوں کے ذریعے عام کشمیریوں کی زندگی کواجیرن بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دیئے گئے ہر پروگرام کی بھر پور حمایت جاری رکھی جائے گی۔اجلاس میں ان خدشات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوج کے ذریعے بھارتی پارلیمنٹ کے الیکشن سے پہلے بڑے پیمانے پر کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی نئی حکومت کی جانب سے کشمیر مسئلے کو جس انداز سے اٹھایا جارہا ہے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی نئی قیادت سے یہ اپیل کی گئی کہ وہ کشمیر کی مصیبتیں اور مظالم بند کرانے میں عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرے۔
تازہ ترین