• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اشتہارات کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئےکابینہ میں لایا جائیگا،مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نئی اشتہاری پالیسی ترتیب دی جارہی ہے جس میں سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے کابینہ میں لایا جائے گا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے APNS آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا انگریزی اور اردو اخبارات کی طرح مقامی زبان سندھی کے اخبارات کو معاشی تحفظ فراہم کیا جائے گا اور سرکولیشن کے بغیر اخبارات کے ڈیکلریشن کی منسوخی کے لیئے قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔ ماضی میں ان ڈمی اخبارات نے بھی اشتہارات حاصل کیئے مگر اب ان اخبارات کو بلیک لسٹ کرکے شفاف طریقے سے اشتہارات کی تقسیم ہوگی ۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اخبارات کو بہت جلد ایک مکینزم بنا کر ان کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ الیکٹرونک میڈیا کی تیز رفتاری کے باوجود پرنٹ میڈیا کے اجزاء اخبارات، رسائل و جرائد کی تحریریں آج بھی ریکارڈ کے طور پر موجود ہیں۔ اخباری صنعت کو زندہ رکھنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے آزادی اظہار کو کبھی دبنے نہیں دیا اور نہ ہی اس بات پر یقین رکھتی ہے۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری سید سرمد علی اور اراکین جاوید شمسی ، یونس مہر اور منگل داس سمیت تمام شرکاء نے صوبائی مشیر کو اخباری صنعت کے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے یو ٹرن اب اباؤٹ ٹرن بنتے جارہے ہیں اگر عوام کی فلاح و بہبود اور روزگار کی فراہمی گناہ ہے تو ہم اس ضمن میں گناہ گار ہیں ۔
تازہ ترین