• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالا باغ سمیت کوئی بھی ڈیم اتفاق رائے سے ہی بننا چاہئے،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ڈیم کی مخالفت کرنے پر آرٹیکل 6 لگنے کی بات قانون کے مطابق نہیں ہے، کالا باغ ڈیم سمیت کوئی بھی متنازع ڈیم اتفاق رائے سے ہی بننا چاہئے، عمران خان بھی الیکشن سے پہلے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرچکے ہیں،چیف جسٹس کے ڈیم مخالفین پر آرٹیکل 6 لگانے کے بیان کی صحیح تشریح نہیں کی گئی، فی الحال کالا باغ ڈیم کا معاملہ نہ چھیڑا جائے تو اچھا ہوگا، امل قتل کیس میں چار بڑی غلطیاں، ڈکیتی ، پولیس فائرنگ، اسپتال انتظامیہ کی بے حسی اور ایمبولینس کی تاخیرکیلئے سیاسی، عدالتی اور حکومتی نظام سب اس کے ذمہ دار ہیں، کرمنل جسٹس سسٹم پر لوگوں کے عدم اعتماد پر بھی سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، شہزاد چوہدری، حفیظ اللہ نیازی، ریما عمر، حسن نثار اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال اگر آرٹیکل 6کی بات ہورہی ہے تو پرویز مشرف کے کیس کی بات ہورہی ہوگی، بلاول بھٹو، کیا ڈیم کی مخالفت کرنے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اس ملک کا کوئی آدمی غدار نہیں ہوسکتا ، شاید بلاول زرداری کو چیف جسٹس کی بات سمجھ نہیں آئی ہوگی۔ریما عمر نے کہا کہ پہلے ہم مذہب، قومی سلامتی پر بات نہیں کرسکتے تھے اب لگتا ہے کہ گورننس پر بھی سوال نہیں اٹھا سکتے کہ اس پر غداری کا مقدمہ ہوجائے گا، ڈیم کی مخالفت کرنے پر آرٹیکل چھ لگنے کی بات قانون کے مطابق نہیں ہے، مین اسٹریم رائے سے مختلف رائے دینا کسی صورت آرٹیکل چھ کے زمرے میں نہیں آسکتا ہے، اگر ایسی بات کی جارہی ہے تو بہت پریشان کن ہے،دنیا بھر میں بحث ہورہی ہے کہ بڑے ڈیم بننے چاہئیں یا نہیں بننے چاہئیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ انڈیا میں عدالت نے نرمدا ڈیم کیخلاف بولنے والوں پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی ہدایت کی تھی، کالا باغ ڈیم سمیت کوئی بھی متنازع ڈیم اتفاق رائے سے ہی بننا چاہئے، بلاول بھٹو اپنے والد سے پوچھیں وہ جب صدر بنے تو پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر کیوں دیا گیا تھا۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ہمارا آئین ہمیشہ طاقت کے آگے بے بس نظر آیا ہے، چیف جسٹس نے ڈیم بنانے کا جو کام شروع کیا اس پر قومی اتفاق رائے نظر آرہا ہے، ڈیم کی مخالفت کرنے والوں پر آرٹیکل چھ کیسے لگایا جاسکتا ہے، عمران خان بھی الیکشن سے پہلے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرچکے ہیں،ڈیمز کو آرٹیکل چھ سے جوڑنا کسی طور بھی مناسب نہیں ہے۔شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارے میڈیا میں مذہب، قومی سلامتی اور گورننس پر بے دریغ بحث ہوتی ہے، بلاول بھٹو بذلہ سنجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آرٹیکل 6 سے متعلق سوال پر بچ کر نکل گئے۔مظہر عباس نے کہا کہ آرٹیکل چھ نہیں ہوتا تو آج 1973ء کا آئین باقی نہیں بچتا، ضیاء الحق جیسا آمر بھی آرٹیکل چھ کی وجہ سے آئین کو ختم نہیں کرسکا، چیف جسٹس کے ڈیم مخالفین پر آرٹیکل چھ لگانے کے بیان کی صحیح تشریح نہیں کی گئی، فی الحال کالا باغ ڈیم کا معاملہ نہ چھیڑا جائے تو اچھا ہوگا، ڈیم کے اوپر تنقید میرا حق ہے اس حق کو کیسے سلب کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین