• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب معاشی بحران سے نکلنے میں پاکستان کو مدد دیگا، مولانا طاہر اشرفی

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر مولانا حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ¿ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے مستقبل میں انتہائی مثبت اثرات نکلیں گےعمران خان نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں سعودی عرب کو ترجیح دے کر خارجہ پالیسی کے درست سمت میں ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے پاکستان اس وقت معاشی اور اقتصادی مشکلات کا شکار ہے اور نئی حکومت کیلئے آئی ایم ایف سے قرض لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نظر نہیں آرہا ۔ طاہر محمود اشرفی کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اُن کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان نئے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کو معاشی و اقتصادی مشکلات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلائیں گے۔ دوسری جانب سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے انتہائی اعلیٰ سطح پر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر سعودی عرب کے وزیر داخلہ نے جیلوں میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔ پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد کے صدر کا اس معاملے پر کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے سعودی قیادت کے خصوصی احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ دونوں ملکوں کے سفیر اس سلسلے میں رابطے میں ہیں ، سعودی عرب میں موجود پاکستان کے سفیر نے جیلوں کے دورے شروع کرکے معلومات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔
تازہ ترین