• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی، اسموگ کے سد باب کیلئے کمیشن کے قیام کا فیصلہ

لاہور(خصوصی رپورٹر)ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے سدباب کیلئے ’’پنجاب کلین ائیر کمیشن‘‘ کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور مانیٹرنگ کیلئے اضلاع و تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچائو کیلئے ضروری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بھٹہ خشت عدالتی احکامات کے مطابق 20 اکتوبر تا 31 دسمبر بند رہیں گے، یکم اکتوبر سے صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی عائد ہوگی۔ اجلاس میں ٹو سٹروک انجن، چنگ چی رکشوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش کیلئے موثر اور عوام دوست حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کوڑا کرکٹ جلانے سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان پر عوامی شعور کی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا مہم چلائی جائے گی اور عوام میں سموگ کے سدباب اور اس سے بچائو کیلئے اقدامات کا شعور بیدار کرنے کیلئے موثر ابلاغی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ائیر کوالٹی مانیٹرنگ کے آلات فوری طور پر مرمت کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ لاہور سمیت ملتان، راولپنڈی، رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ائیر کوالٹی سسٹم پوری طرح فعال کیا جائے۔
تازہ ترین