• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹیم ”خانی“ کا نیا شاہکار ”رومیو ویڈز ہیر“ اگلے ماہ نشر ہوگا


کراچی (محمد ناصر) ڈرامہ انڈسٹری کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرنے والی پاکستان کی سب سے کامیاب بلاک بسٹر سیریل ”خانی“ کے مرکزی کردار فیروز خان اور ثنا جاوید عوام کی پُر زور فرمائش پر ایک بار پھر نئے انداز میں سب کے دِل جیتنے سلور اسکرین پر آرہے ہیں۔ ڈائنامک پروڈیوسرعبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی کو ایک بار پھر ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے میگا پروجیکٹ ”رومیو ویڈز ہیر“ میں اکٹھاکردیا ہے۔ فیروز خان اور ثنا جاوید اس ڈرامے کے ذریعے ایک نئے جوش، ولولے اور منفرد روپ میں جلوہ گر ہورہے ہیں ، اِن کا یہ پُر کشش انداز پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

ڈرامے کی پہلی جھلک ثنا جاوید اور فیروز خان کے رومانوی گیت پر مشتمل ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی ہر طرف دھوم مچادی ہے۔ موج مستی اور مزاح سے بھرپور ٹائٹل ٹریک فیروز اور ثنا پر انتہائی خوبصورتی سے عکس بند کیا گیا ہے جس نے مداحوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ نئے سیریل میں عوام اِن دونوں کا رومانس سے بھر پور ،منفرد روپ دیکھ کر خوشی سے ایک بار پھر جھوم اُٹھے ہیں۔ ٹائٹل سونگ کے پس منظر میں معروف گلوکار ساحر علی بگا اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ کلر فل میوزک ویڈیو ٹریک کی کوریوگرافی وہاب شاہ نے ترتیب دی ہے۔ رومانٹک جوڑے کی نئی جھلک میں ڈانس نمبر کے ساتھ اسکرین کیمسٹری بھی لوگوں کو دیوانہ بنا رہی ہے۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ”رومیو ویڈز ہیر“کی کہانی رواں برس کی سب سے کامیاب لو اسٹوری ہوگی کیونکہ اس سیریل کی اقساط رونے دھونے کو ”گڈ بائے “ بول کر لوگوں کی چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے اور نینوں میں خوشیاں سجانے آرہی ہیں۔ ڈرامہ سیریل ”رومیو ویڈز ہیر“ اکتوبر میں پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔

تازہ ترین