• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئر لینڈ کے ساحل پر چند پر اسرار انتہائی تیز روشنیاں

ڈبلن(آئی این پی)یورپی جزیرے آئرلینڈ میں چند پراسرار روشنیاں دیکھی گئیں جنہیں اڑن طشتریاں کہا جارہا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔یہ روشنیاں مقامی وقت کے مطابق 6بج کر 47منٹ پر آئرلینڈ کے جنوب مغربی ساحل پر دیکھی گئیں۔مذکورہ مقام پر پرواز کرنے والے برٹش ائر ویز کے طیارے کی پائلٹ نے آئرش ائرپورٹ شینن کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور دریافت کیا کہ کیا مذکورہ مقام پر کسی قسم کی فوجی مشقیں جاری ہیں؟پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے بہت تیز روشنیاں نظر آرہی ہیں تاہم کنٹرول ٹاور نے کسی بھی قسم کی فوجی مشقوں کے انعقاد سے انکار کیا۔برٹش ایئر ویز کا یہ طیارہ مونٹریال سے ہیتھرو جا رہا تھا۔ پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے دکھائی دینے والی روشنیاں بہت تیز تھیں جو طیارے کے بائیں جانب سے نمودار ہوئیں اور تیزی سے شمال کی طرف غائب ہوگئیں۔اسی مقام سے قریب سفر کرنے والے ورجن ایئر لائن کے طیارے کے پائلٹ نے بھی ان روشنیوں کو دیکھا۔ ان کا خیال تھا کہ یہ شہاب ثاقب ہیں جو زمین کی فضا میں داخل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی رفتار بے حد تیز تھی جسے آواز کی رفتار سے دوگنا کہا جاسکتا ہے۔ واقعے کے رپورٹ ہونے کے بعد آئرش ایوی ایشن نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
تازہ ترین