نبیٔ کریم ﷺ کی سیرت مشعلِ راہ ہے: فواد چوہدری

October 19, 2021

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نبیٔ کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے یہ بات 12 ربیع الاوّل یومِ ولادتِ رسولِ کریم ﷺ کے موقع پر جاری کیئے گئے پیغام میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاستِ مدینہ کے تصور سے پوری طرح رہنمائی حاصل کریں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ اب منزل زیادہ دور نہیں، بہت جلد اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہمیں اسوۂ حسنہ سے رہنمائی لے کر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ خاتم النبیین ﷺ کی حیاتِ طیبہ ناصرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے عمدہ مثال ہے۔